ایم کیو ایم ،جی ڈی اے والے لسانی فسادات کراناچاہتے ہیں،سعید غنی
شیئر کریں
وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم اور جی ڈی اے جو اس وقت وفاقی حکومت کا حصہ ہیں، وہ اپنی نالائق حکومت کے عوام دشمن اقدامات کو چھپانے اور عوام کو گمراہ کرنے کے لئے سندھ میں بلدیاتی نظام کو جواز بنا کر احتجاج کررہے ہیں، عوامی مسائل بالخصوصی مہنگائی، بیروزگاری، گیس کے بحران، بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے، ادویات کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافے سمیت دیگر عوامی اشیوز کو پش پشت ڈال کر یہ کراچی میں لسانی فسادات کروانا چاہتے ہیں۔ پیپلز پارٹی اس ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے، جس نے مہنگائی اور موجودہ حکومت کی نااہلی کے باعث اس ملک کے 22 کروڑ عوام کو درپیش مسائل پر 3 بار ملک گیر احتجاج کیا ہے اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا جبکہ کراچی میں تمام اضلاع سمیت گورنر ہاو س پر بھی احتجاج کیا جائے گا۔ ساڑھے تین ارب کا عوام پر منی بجٹ میں بوجھ ڈال کر حکومتی ارکان جشن منا رہے ہیں اور اپنے آپ کو عوام کا نمائندہ قرار دینے والے ایم کیو ایم اور جی ڈی اے کے ارکان نے ان کی حمایت کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو اپنے کیمپ آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی، سینیٹر طاہر مشہدی، مرزا مقبول، علی راشد، پیپلز یوتھ کے راشد خان، سردار نزاکت اور دیگر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ سعید غنی نے کہا کہ آج پی ٹی آئی،جی ڈی اے اورایم کیوایم بلدیاتی نظام کے خلاف احتجاج کررہے ہیں، ہم جماعت اسلامی کو اس لئے مارجن دے سکتے ہیں کہ وہ کہیں بھی اقتدارمیں نہیں، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی تینوں صوبوں اوروفاق میں حکومت میں ہے، جبکہ ایم کیو ایم اور جی ڈی اے وفاقی حکومت کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ جماعتیں بلدیاتی نظام کی آڑ میں تماشہ لگارہے ہیں، لیکن عوام کے حقیقی اشیو پر خاموش ہیں، سعید غنی نے کہا کہ کل نیپرانے عوام سے مزیداربوں روپے بٹورنے کی اجازت دی ہے اور فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر 4.30 روپے بجلی مہنگی کی ہے، اس سے قبل دسمبر کے بلوں میں 4.74 روپے کا اضافہ کرکے عوام کے جیبوں پر اربوں کا ڈاکہ ڈالا جاچکا ہے۔ انہوں نے کہ ایل این جی خریداری میں کرپشن پراپنے کئی وزراء فارغ کئے جاچکے ہیں، ایل این جی کی جگہ مہنگافرنس آئل استعمال کیاجارہا ہے اس کی سزاعوام کودے رہے ہیں، آج یہاں کسانوں کو کھاد نہیں مل رہی، جس سے گندم کی فصل متاثرہوگی، مطلب بحران ہوگا۔چینی کی قیمتیں روزبڑھ رہی ہیں۔ ادویات کی قیمتوں بالخصوص شوگر اور بلڈ پریشر کے مریضوں جن کو روزانہ ان ادویات کو استعمال کرنا لازمی ہے، ان کو اتنا مہنگا کردیا گیا ہے کہ وہ اب ان کے لئے خریدنا ناممکن بن گیا ہے اور یہ جو اپنے آپ کو عوام کا حقیقی نمائندہ اور جماعت ہونے کا تاثر دیتے رہے ہیں اس عوامی اشیو پر خاموش ہیں اور عوام کو گمراہ کرنے کے لئے صوبہ سندھ میں بلدیاتی نظام کوبنیاد بناکراحتجاج کیاجارہا ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ ان جماعتوں نے کبھی گیس قلت پربات نہیں کی۔ سلام ہے پرویزخٹک کوجس نے گیس قلت پربات کی لیکن ایم کیو ایم اورجی ڈی اے کے وزراء کو وفاق میں موجود ہیں، خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔