میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
سینیٹر اعظم سواتی کے خلاف سندھ میں تمام مقدمات ختم

سینیٹر اعظم سواتی کے خلاف سندھ میں تمام مقدمات ختم

جرات ڈیسک
جمعرات, ۱۵ دسمبر ۲۰۲۲

شیئر کریں

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر سینیٹر محمد اعظم خان سواتی کے خلاف سندھ میں درج تمام مقدمات سی کلاس کرنے کے فیصلے سے سندھ ہائی کورٹ کو آگاہ کردیا گیا۔ سندھ ہائی کورٹ نے محکمہ پراسیکیوشن سندھ کو مقدمات سی کلاس کرنے کے حوالہ رپورٹ تین روز میں متعلقہ عدالتوں میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ جمعرات کے روز سندھ ہائی کورٹ میں اعظم سواتی کے خلاف درج کیسز کے حوالہ سے دائردرخواست پر سماعت ہوئی۔ دوران سماعت پراسیکیوٹر جنرل نے پیش ہو کر بتایا سندھ کے مختلف اضلاع میں درج مقدمات ختم کردیے گئے ہیں اور سی کلاس کی رپورٹ تمام متعلقہ عدالتوں میں پیش کردی جائے گی۔ جبکہ دوران سماعت آئی جی سندھ پولیس غلام نبی میمن نے عدالت سے ایک مرتبہ پھر معذرت کی اور کہا کہ گزشتہ سماعت پر انہیں اپنے کنڈکٹ پر شرمندگی ہے، وہ ایک مرتبہ پھر عدالت سے معافی مانگتے ہیں۔ عدالت کو بتایا گیا کہ اعظم سواتی کی تحویل سندھ سے اسلام آباد منتقل کردی گئی ہے جہاں وہ جا کر متعلقہ عدالتوں میں پیش ہوں گے، سندھ میں ان کے خلاف مقدمات ختم کردیے گئے ہیں۔ اعظم سواتی کے بیٹے نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ ان کے والد کے خلاف سندھ میں 12 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ سندھ پولیس کی جانب سے مقدمات کی تعدادنہیں بتائی گئی بلکہ صرف یہ بتایا گیا کہ اعظم سواتی کے خلاف سندھ میں تمام مقدمات سی کلا س کردیے گئے ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں