سپریم کورٹ ،عمران نااہلی کیس کا فیصلہ آج سنایا جائے گا
شیئر کریں
اسلام آباد (بیورورپورٹ) سپریم کورٹ چیرمین پی ٹی آئی عمران خان اور جہانگیر ترین نااہلی کیس کا فیصلہآج سنائے گی۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کی جانب سے چیرمین تحریک انصاف عمران خان اور جہانگیر ترین کی نااہلی کے لیے سپریم کورٹ میں 2 درخواستیں دائر کی گئی تھیں جن کا فیصلہآج دن 2 بجے سنایا جائے گا۔اس سے قبل 14 نومبر کو چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں عمران خان نااہلی کیس کی سماعت کے دوران اپنے ریمارکس میں چیف جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ دیکھنا یہ ہے کہ کیا عمران خان بے ایمان آدمی ہیں کہ نہیں جب کہ سالوں بعد کاروباری لین دین میں قانون کی خلاف ورزی پر کسی کو نااہل کیسے کردیں۔ بعد ازاں عدالت نے کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔واضح رہے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی نے عمران خان اور جہانگیر ترین کے خلاف 2 درخواستیں دائر کررکھی ہیں جن میں انہوں نے موقف اپنایا کہ چیرمین پی ٹی آئی کو آرٹیکل 63،62 کے تحت نااہل کیا جائے کیوں کہ انہوں نے 2013 میں اپنے کاغذات نامزدگی میں بنی گالہ کی اراضی سے متعلق جھوٹ بولا۔عدالت میں دائر دوسری درخواست میں کہا گیا کہ عمران خان کی پارٹی فارن فنڈنگ سے چلتی ہے جب کہ پاکستان کے قانون کے تحت کوئی بھی فارن فنڈنگ پارٹی ملک میں انتخابات لڑنے کے اہل نہیں ہوسکتی۔