سازشی سائفرمعاملہ شدت سے اٹھانے کافیصلہ
شیئر کریں
پاکستان تحریک انصاف نے حکومت پر مزید عوامی دبائو بڑھانے کی حکمت عملی تیار کر لی ،جبکہ امریکی سائفر کے معاملے کو بھرپور شدت سے اٹھانے کا فیصلہ کرلیا ہے، ارکان اسمبلی پارٹی بیانیئے کو گھر گھر پہنچائیں گے، ہوشربا مہنگائی اور ناکام معاشی پالیسیوں کو بھی عوام میں اجاگر کیا جائے گا۔ حکومت کو گھر بھیجنے، قبل از وقت انتخابات کی راہ کو ہر صورت ہموار کرنے کیلئے عوامی مہم میں مزید تیزی لانے کا فیصلہ کر لیا گیا ۔تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کی زیر صدارت زمان پارک میں اہم مشاورتی اجلاس ہوا، اجلاس میں مشیر داخلہ عمر سرفراز چیمہ، مسلم لیگ (ق) کے رہنما مونس الٰہی ، صوبائی وزیر راجہ بشارت، بریگیڈیئر (ر) مصدق عباسی سمیت دیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔پارٹی ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران قبل از وقت انتخابات، اعظم سواتی تشدد کیس، ارشد شریف کے قتل اور امریکی سائفر کے معاملے کو مزید شدت سے آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عوامی سطح، میڈیا کے محاذ اور ہر سطح پر ان معاملات کا پر چار زور و شور سے کیا جائے گا۔ تحریک انصاف کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اپنے اپنے حلقوں میں پارٹی کے بیانیہ کو گھر گھر پہنچائیں گے۔ ہوشربا مہنگائی، حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں کو بھی اجاگر کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق حقیقی آزادی مارچ میں روالپنڈی کے لیے پنجاب بھر کی یونین کونسل کو بھی ٹاسک دئیے جائیں گے۔ حکومت کو قبل از وقت انتخابات پر مجبور کرنے کے لیے عوامی دبا مزید بڑھایا جائے گا ۔اس سے قبل عمران خان سے سابق وفاقی وزیر چودھری مونس الٰہی سے ملاقات کی جس میں تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ق) کے درمیان رابطے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔عمران خان اور مونس الٰہی میں اتفاق پایا گیا کہ کچھ شرپسند عناصر دونوں اتحادیوں میں دوری کی کوشش کررہے ہیں، تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ق) مضبوط اتحادی کے طور پر آگے بڑھیں گے۔ملاقات کے دوران (ق) لیگی رہنما مونس الٰہی نے عمران خان کو لانگ مارچ سکیورٹی صورتحال، موجودہ سیاسی صورتحال سمیت دیگر امور پر بریفنگ دی۔اس موقع پر چودھری مونس الٰہی نے کہا کہ پوری قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے سب شفاف انتخابات چاہتے ہیں ۔جبکہ عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف صرف اور صرف صاف شفاف انتخابات چاہتی ہے۔ حقیقی آزادی کی منزل اب زیادہ دور نہیں۔ذرائع کے مطابق عمران خان سے وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی اور قائمقام انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کنور شاہ رخ نے بھی ملاقات کی جس میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔