سابق وزیراعظم سے ملنے کی جلدی، صدیق الفاروق سیڑھیوں سے گر گئے
شیئر کریں
مسلم لیگ ن کے رہنما صدیق الفاروق اپنے قائد نواز شریف سے ہاتھ ملانے کی کوشش میں احتساب عدالت کی سیڑھیوں پر گر گئے ۔جمعرات کو سابق وزیراعظم نواز شریف العزیزیہ اسٹیل مل ریفرنس کی سماعت کے لیے اسلام آباد کی احتساب عدالت پہنچے تو اس موقع پر مسلم لیگ کے کئی رہنما ان کے استقبال کے لیے جوڈیشل کمپلیکس میں موجود تھے ، جیسے ہی نواز شریف گاڑی سے باہر آئے شکیل اعوان، سلیم ضیا اور مسلم لیگ ن کے دیگر رہنما سابق وزیراعظم سے مصافحہ کرنے کے لیے آگے آگئے ۔سکیورٹی اہلکاروں نے رہنماؤں کو آگے سے ہٹانے کی کوشش کی تو بدنظمی ہوگئی۔ اسی دوران سیڑھیوں پر کھڑے متروکہ وقف املاک بورڈ کے سابق چیئرمین صدیق الفاروق نے آگے بڑھ کر نواز شریف کی طرف جوں ہی ہاتھ بڑھایا تو پیچھے کھڑے افراد کا دھکا لگنے سے وہ اپنا توازن کھو بیٹھے اور سیڑھیوں پر گر گئے۔ نواز شریف سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی صدیق الفاروق کو بچانے کی کوشش کی مگر کامیاب نہ ہوسکے ۔ صدیق الفاروق زمین پر گرنے کے باوجود نواز شریف سے ہاتھ ملانے میں کامیاب رہے اور اٹھ کر ان کے ساتھ ہی کمرہ عدالت میں چلے گئے ۔