میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
جامعہ کراچی کی برانڈ شناخت یکساں بنانے کے لیے کمیٹی قائم

جامعہ کراچی کی برانڈ شناخت یکساں بنانے کے لیے کمیٹی قائم

جرات ڈیسک
جمعرات, ۱۵ اکتوبر ۲۰۲۶

شیئر کریں

برانڈ بک 10 روز میں تیار کرنے کی ہدایت، لوگو، ویب سائٹس، سائن بورڈز اور تشہیری مواد کے لیے یکساں اصول مرتب ہوں گے

 

جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر وسیم قاضی کی ہدایت پر جامعہ کی ادارہ جاتی شناخت کو مؤثر اور بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ بنانے کے لیے برانڈ شناخت و ابلاغی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

کمیٹی کو نوٹیفکیشن کے اجرا کے 10 روز کے اندر مجوزہ برانڈ بک، عمل درآمد کے منصوبے اور مرحلہ وار نفاذ سے متعلق سفارشات وائس چانسلر کو منظوری کے لیے پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔رجسٹرار جامعہ کراچی کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ج شمون حیدر کمیٹی کے کنوینر ہوں گے،

جبکہ مرتضیٰ خالد، وجیہہ صدیقی، محمد مہدی، ڈاکٹر نوشین رضا اور ڈاکٹر فیصل نذیر اس کے ارکان ہوں گے۔کمیٹی جامعہ کے لوگو، رنگوں، تحریری انداز، سرکاری دستاویزات، سائن بورڈز، ویب سائٹس، سماجی ذرائع ابلاغ، داخلہ مہمات، تشہیری مواد، سرکاری تقریبات اور اندرونی و بیرونی ابلاغ کے لیے یکساں رہنما اصول مرتب کرے گی۔

اس کے علاوہ سابق طلبہ، مخیر حضرات، کاروباری اداروں اور صنعتی شراکت داروں کی جانب سے وظائف، تحقیق، طلبہ کی ترقی اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے فراہم کردہ معاونت کے اعتراف کا طریقہ کار بھی وضع کیا جائے گا۔

نوٹیفکیشن میں جامعہ کے مختلف شعبہ جات اور عملے کی جانب سے بنیادی ڈھانچے کی بحالی، سہولیات میں بہتری اور طلبہ کے لیے وظائف کے قیام کی کوششوں کو سراہتے ہوئے زور دیا گیا ہے کہ جامعہ کی تاریخ، علمی مقام، تحقیقی صلاحیتوں، کامیابیوں اور ادارہ جاتی اقدار کو تمام ابلاغی ذرائع اور کیمپس کے ماحول میں یکساں انداز میں پیش کیا جائے۔

منظوری کے بعد برانڈ بک جامعہ کی ادارہ جاتی شناخت، تشہیر، ابلاغ اور سائن بورڈز کے لیے بنیادی رہنما دستاویز ہوگی۔ تمام شعبہ جات اور متعلقہ دفاتر کو آئندہ برانڈنگ اور تشہیری سرگرمیوں میں منظور شدہ اصولوں کی پابندی کرنا ہوگی۔اس اقدام کا مقصد جامعہ کراچی کی منفرد شناخت مستحکم کرنا، ادارے سے وابستگی اور فخر کے جذبے کو فروغ دینا اور اسے بین الاقوامی شہرت کی حامل جامعہ بنانے کے وڑن کو تقویت دینا ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں