بڑے افسوس کی بات ہے کہ حکومت سندھ چھرا مار کو پکڑ نہیں سکی،خواجہ اظہار الحسن
شیئر کریں
سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ چھرا مار کو پکڑنے میں حکومت ناکام ہوگئی ہے۔ کارکن ایسے ایڈونچر کرنے والوں کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کریں اور حوالے کرنے سے پہلے یہ ضرور خیال کریں کہ ہم شریف کیا ہوئے تم بد معاش ہوگئے۔ کراچی کی انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیشی پر آئے ہوئے سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کے قائد حزب اختلاف خواجہ اظہار نے میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کی۔ خواجہ اظہار نے کہا کہ بڑے افسوس کی بات ہے حکومت سندھ چھرا مار کو گرفتار کرنے میں اب تک ناکام ہے۔ ان ساری صورت حال کو دیکھ کر ہمیں بیرئیرز لگانے کی اجازت دی جائے۔ کراچی آپریش کو کامیاب بنانے کے لئے بئرئیرز لگائے گئے تھے۔ بئیریز لگانے سے پولیس کا آدھا کام ہوجاتا ہے اور کرائم کنٹرول رہتا ہے۔ کراچی کے 40 فیصد علاقوں میں اب بھی بیرئیرز موجود ہیں۔ میں تمام سیاسی جماعتوں کے ورکرز سے اپیل کرتا ہوں کہ اپنے علاقوں میں مشکوک افراد پر نظر رکھیں۔ ورکرز ایسے ایڈونچر کرنے والوں کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کریں اور حوالے کرنے سے پہلے یہ ضرور خیال کریں کہ ہم شریف کیا ہوئے تم بدمعاش ہوگئے۔