کچے میں ڈاکوں کے خاتمے کیلئے آپریشن کی تیاریاں، اسپیشل کمانڈوز پہنچ گئے
شیئر کریں
ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل اظہر وقاص کی زیر نگرانی کچے میں ڈاکوئوں کے خاتمے کیلئے آپریشن کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔تفصیلات کے مطابق امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے نگران سندھ حکومت کے فیصلے پر عملدرآمد کا آغاز ہوگیا اور کچے کے ڈاکوئوں پر پکا ہاتھ ڈالنے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔ سندھ رینجرز کے تین ہزار جوان اسپیشل کمانڈوز سمیت سکھر اور لاڑکانہ ڈویژن کے کچے میں پہنچ گئے ہیں۔سندھ رینجرز کے جوان اور سندھ پولیس کے اہلکار کچے میں مشترکہ آپریشن کریں گے ، اس سلسلے میں سیکٹر کمانڈر شہباز رینجرز بریگیڈیر وسیم اختر کی قیادت میں جوانوں نے کچے کے علاقوں میں پہنچ کر سرچ آپریشن کیا۔ڈاکوئوں کی نقل وحرکت روکنے کیلئے انڈس ہائی وے سمیت کچے کے داخلی اور خارجی راستوں پر چوکیاں بھی قائم کی جارہی ہیں۔سینئر صحافی جان محمد مہر کے قاتلوں کی گرفتاری بھی ترجیحات میں شامل ہے، کچے کے علاقوں میں ڈاکوئوں کے خلاف آپریشن ، مغویوں کی بازیابی،امن و امان یقینی بنانے تک جاری رہے گا۔واضح رہے کہ نگراں وزیر اعلی سندھ نے کابینہ اجلاس میں کچے کے علاقوں رینجرز اور پولیس کے مشترکہ آپریشن کے احکامات دیئے تھے۔