حیدرآباد گدو اسپتال ، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کانرسز کو ہراساں کرنے کا انکشاف
شیئر کریں
حیدرآباد گدو اسپتال میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سریش کمار کی جانب سے نرسز کو ہراساں کرنے کا انکشاف ہوا ہے، نرس عزیزاں رند کی شکایت پر ڈی جی ہیلتھ نے تین رکنی کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔ تفصیلات کے مطابق حیدرآباد کی گدو اسپتال کا میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سریش نرسز کو مبینہ ہراساں کرنے لگا، عزیزاں رند نامی نرس نے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر ارشاد میمن کو شکایتی درخواست جمع کرائی ہے، جس میں تحریر کیا گیا ہے کہ ایم ایس ڈاکٹر سریش مسلسل ہراساں کر رہا ہے، اسپتال میں اس کے قریبی افراد او پی ڈی ٹائم کے بعد ایم ایس کے کمرے میں جانے کیلئے تنگ کر رہے ہیں، جس کی وجہ سے میری عزت محفوظ نہیں ہے، ذہنی طور پر بھی پریشان ہو گئی ہوں، نرس نے مطالبہ کیا ہے کہ ہراساں کرنے میں ملوث ایم ایس سریش کمار کے خلاف کارروائی کی جائے اور تحفظ فراہم کیا جائے، نرس کی درخواست پر ڈی جی ہیلتھ نے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی ہے، ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر ارشاد میمن کا کہنا ہے کہ نرس کی شکایت پر تین رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں
خاتون افسر بھی شامل ہے، کمیٹی کے رپورٹ کی روشنی میں کارروائی کی جائے گی۔ اس حوالے سے رابطہ کرنے پر ایم ایس ڈاکٹر سریش کمار نے کہا کہ اسپتال میں ڈیوٹی پر تمام ملازمین کو ٹائم پر آنے کیلئے پابند کیا گیا، عزیزاں اس کے باوجود بھی دیر سے آرہی تھی اور اس نے دو اسٹاف ملازمین سے بداخلاقی بھی کی، جس کے بعد اس کو اپنے وارڈ سے ہٹا کر دوسرے وارڈ میں تعینات کیا تو عزیزاں نے اینٹی کرپشن کے افسران سے بھی فون کروائے تھے کہ اس کو تنگ نہ کیا جائے، اس معاملے کے بعد نرس نے اب ہراساں کرنے کا الزام لگا دیا ہے۔