میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
کابینہ نے ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں 10فیصد اضافے کی تجویز مستردکردی،فواد چوہدری

کابینہ نے ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں 10فیصد اضافے کی تجویز مستردکردی،فواد چوہدری

ویب ڈیسک
بدھ, ۱۵ ستمبر ۲۰۲۱

شیئر کریں

وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے گندم کی پروکیورمنٹ میں تاخیر پر سخت برہمی کااظہار کیا ہے۔ پنجاب اور دیگر صوبوں کو فوری طور پرگندم کی ریلیز کے اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے گندم کی ریلیز کے حوالہ سے شیڈول جلد جاری کردیا جائے گا جس کے بعد ہم گندم اور آٹے کی قیمت میں بتدریج کمی آتی ہوئی دیکھیں گے۔وفاقی کابینہ نے چیئرمین سینیٹ ، سپیکر قومی اسمبلی ، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی اور اراکین پارلیمنٹ کی بنیادی تنخواہوں میں 10فیصدایڈہاک ریلیف الائونس کی تجویز مستردکردی۔ کریمینل جسٹس سسٹم میں اصلاحات کو متعارف کروایا گیا ۔ان خیالات کااظہار فواد چوہدری نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ انہوںنے کہا کہ اجلاس میں وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی جانب سے بریفنگ دی گئی ۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں اور اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے حوالہ سے اجلاس میں بات چیت کی گئی۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی منسٹری نے سپیکٹرم کی فروخت کے حوالے سے بریفنگ دی ہے۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ سپیکٹرم کی نیلامی میں ایک ٹیلی کام کمپنی نے حصہ لیا اور اس سے پہلے بھی ایک آدھ کمپنی ہی ٹیلی کام میں حصہ لیتی رہی ہے۔ 2016میں ٹیلی نار اور2017میں جاز نے سپیکٹرم کی نیلامی میں حصہ لیا تھا۔ آئندہ برس فائیو جی لانچ کردیا جائے گا جس میں متعدد کمپنیاں دلچسپی کا اظہار کررہی ہیں۔ کابینہ نے پی ٹی اے کو ہدایت کی ہے کہ ملک میں معیاری ٹیلی کام سروسز کو یقینی بنایا جائے تا کہ ٹیلی کام سیکٹر میں انقلاب کے ثمرات ملک کے ہر کونے میں میسر آسکیں۔ ایک لینڈ مارک فیصلہ کیا گیا ہے کہ کریمینل جسٹس سسٹم میں اصلاحات کو متعارف کروایا گیا ہے اور بہت ہی تفصیلی بریفنگ وزارت قانون کی طرف سے دی گئی ہے۔ہمارے نظام انصاف کو کریمینل نظام میں جو اصلاحات چاہیں اس حوالہ سے وزارت قانون نے اپنی بریفنگ دی اور بہت دور رس تبدیلیاں جسٹس سسٹم میں متعارف کروائی گئی ہیں اور ان تبدیلیوں کے نتیجہ میں پاکستان کا جو کریمینل جسٹس سسٹم ہے وہ بالکل تبدیل ہو کررہ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا جو ایجنڈا ہے کہ کس طریقہ سے ہم نظام اور جسٹس سسٹم کو بہتر کرسکتے ہیں، وزیرقانون بیرسٹر فروغ نسیم نے تفصیلی بریفنگ کابینہ کو دی۔ جو ٹرائل میں تاخیرہوتی ہے اور پولیس کی جانب سے ایف آئی آر درج کرنے میں جو مسائل ہیں ان تمام چیزوں کا احاط کیا گیا اور جامع کریمنل ریفارمز کے حوالہ سے بریفنگ دی گئی ہے، اب یہ معاملہ کابینہ کمیٹی برائے قانون میں ڈسکس ہو گا جس کے بعد کریمینل ریفارمز کو نافذ کردیا جائے گا۔ انہوںنے کہا کہ کابینہ نے چیئرمین سینیٹ ، سپیکر قومی اسمبلی ، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی اور اراکین پارلیمنٹ کی بنیادی تنخواہوں میں 10فیصدایڈہاک ریلیف الائونس کی تجویز مستردکردی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ 14 اگست 2021کو ایف بی آر کے ڈیٹا پر سائبر حملے کے پیش نظر پبلک پروکیورمنٹ رولز2004کے تحت آپریشنل ایمرجنسی کا نفاذ کیا گیا تاکہ ڈیٹا سینٹر کے لئے تمام ضروری اقدامات ہنگامی بنیادوں پر کئے جاسکیں اور ڈیٹا سینٹر کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جاسکے، کابینہ نے ان اقدامات کی توسیق کی۔ ان کا کہنا تھا کہ 14اگست2021کو یہ ہوا تھا کہ ایف بی آر کی ویب سائٹ کو ہیک کرنے کی کوشش کی گئی تھی، اب اس کی انکوائری مکمل ہو گئی ہے اور یہ بات سامنے آئی ہے کہ ایف بی آر کا زیادہ تر ڈیٹا محفوظ رہا ہے اور اس تک ہیکرز رسائی حاصل نہیں کرسکے۔ اب ایف بی آر نے مختلف اقدامات کئے ہیں اور ایک پیشہ وارانہ کمپنی کی خدمات حاصل کی ہیں جو ڈیٹا کی پروٹیکشن کو یقینی بنارہی ہے اور اس کے لئے جو رولز تھے ان کو ریلیکس کیا گیا ہے تاکہ وہ جلدی ہائرنگ کرسکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق نے بتایا ہے کہ اس سال پاکستان کی ویب سائٹس پر ہیکرز کی جانب سے تقریباً 10لاکھ حملے ہو چکے ہیں اور ان سب کو این ٹی سی نے ناکام بنایا ہے۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ آٹو سیکٹر میں مقامی پیداوار کے فروخت اور موجودہ ٹیرف نظام میں پیش آنے والی دقتوں کو دور کرنے کے لئے وفاقی کابینہ نے ٹیرف پالیسی بورڈ کی سفارشات کو مد نظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا کہ ایس آر او255ایک2006کے تحت درآمدات پر ایڈیشنل کسٹم ڈیوٹی کی شرح سات فیصد کرنے کی تجویز ہے جبکہ ہیوی کمرشل گاڑیوں پر بھی شرح ڈیوٹی سات فیصد سے کم کرکے دو فیصد کردی جائے، اس کے نتیجہ بڑی بسوں اور ٹرکوں کی قیمتوں میں کمی آئے گی ۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم فائونڈیشن ایکٹ2021کے مجوزہ مسودے کی منظوری دی گئی ہے اور قائد اعظم فائونڈیشن کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں