ہتھیاروں کا استعمال اورتربیت جنگی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اہم ہے، آرمی چیف
شیئر کریں
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاہے کہ ہتھیاروں کااستعمال اورتربیت جنگی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اہم ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے گزشتہ روزپنو عاقل کا دورہ کیا، اس دوران انہیں پاک فوج کی پیشہ ورانہ تیاریوں ، صحرائی تربیت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے جوانوں سے ملاقات بھی کی۔ جوانوں نے جنگی مشقوں کا مظاہرہ کیا۔ آرمی چیف نے فیلڈ فائرنگ، رینج صالح پٹ میں تربیتی مشقوں کامشاہدہ کیا جنرل باجوہ نے جنگی تیاریوں، تربیتی معیار اور صحرامیں نامساعد حالات کے اندر فارمیشن کی مشقوں کو سراہا۔آئی ایس پی آر کے مطابق سپہ سالار نے جوانوں کی جنگی تیاریوں، تربیتی معیار اور جذبے کو سراہا۔ صحرائی حالات میں ماحولیات کے تحفظ اور دفاع کی کوششوں کی تعریف بھی کی اور سرسبزپاکستان مہم کے تحت پودابھی لگایا۔آرمی چیف نے کہاکہ ہتھیاروں کا استعمال اور تربیت جنگی صورت حال سے نمٹنے کیلئے اہم ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پنو عاقل کے گائوں دتر دینو میں سپاہی حزب اللہ جتوئی شہید کے خاندان سے بھی ملاقات کی، سپاہی حزب اللہ 5 ستمبر 2021 کو کوئٹہ میں بارودی سرنگ پھٹنے سے شہید ہو گیا تھا۔ آرمی چیف نے خاندان سے خیریت دریافت کی اور وطن کے دفاع کے لیے قربانی دینے والے شہدا کے خاندانوں کی اچھی کفالت یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔