کچھی کینال منصوبے کا افتتاح، سپریم کورٹ فیصلے سے اتفاق نہیں احترام ہے، وزیراعظم
شیئر کریں
ڈیرہ بگٹی/ کوئٹہ (بیورو رپورٹ/ ایجنسیاں) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے اتفاق نہیں کرتے، مگر احترام کرتے ہیں ٗ ملک جب بھی انتشار ہوتا ہے تو ترقی کا عمل رک جاتا ہے ٗ بلوچستان کا مستقبل صوبے کے عوام کے ہاتھوں میں ہے، ووٹ دینے کا صحیح فیصلہ کیا تو ثمرات آپ کے سامنے ہوں گے، وہ وقت دور نہیں جب بلوچستان ملک کا امیر ترین صوبہ ہوگا،ڈیرہ بگٹی آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کا گڑھ ثابت ہوگا، ڈیرہ بگٹی کے عوام سے وعدہ ہے کہ ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں گے ٗ بلوچستان میں 455 ارب روپے سڑکوں کے منصوبوں پر خرچ ہوں گے، ہر ضلعی ہیڈ کوارٹرز کو گیس فراہم کی جائے گی، وفاقی حکومت کی مدد سے صوبے میں 21 یونیورسٹیاں قائم ہورہی ہیں، ناراض بلوچ بھائی گمراہ کن پروپیگنڈے کی بجائے صوبے اور عوام کی تعمیر و ترقی میں حصہ لیں، محمد نواز شریف کے دور میں بجلی کے تاریخ ساز منصوبے لگے جن کے ثمرات بلوچستان کو ملیں گے۔ وہ جمعرات کو ڈیرہ بگٹی میں کچھی کینال منصوبے کا افتتاح کے بعد اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر وزیر داخلہ احسن اقبال، وفاقی وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ، وزیر برائے آبی وسائل سید جاوید علی شاہ، وزیر مملکت برائے پٹرولیم جام کمال، وزیر مملکت برائے آبی وسائل دوستین خان ڈومکی، وزیراعلیٰ بلوچستان سردار ثناء اﷲ خان زہری، سینیٹر سردار یعقوب ناصر، رکن قومی اسمبلی خالد حسین مگسی، چیئرمین واپڈا، بلوچستان کے صوبائی وزراء اور سینئر حکام بھی موجود تھے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حق تو یہ ہے کہ آج یہاں پر محمد نواز شریف کو ہونا چاہئے تھا ،کیونکہ یہ منصوبہ ان کا منصوبہ ہے ٗ1998ء میں انہوں نے اس کی بنیاد رکھی اور آج 2017ء میں اس کا افتتاح ہوا، بہت سے لوگوں نے کہا کہ یہ کیسا منصوبہ ہے کہ فی ایکڑ پر وفاقی حکومت 11 لاکھ روپے خرچ کر رہی ہے، یہ کوئی معمولی منصوبہ نہیں ہے، 80 ارب روپے اس پر خرچ ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ 2002ء میں شروع ہوا لیکن اس پر توجہ نہیں دی گئی۔ اس دوران آمریت کا ایک لمبا دور گزر گیا جبکہ پیپلز پارٹی کی حکومت بھی آئی اور ان کے بھی پانچ سال گزر گئے لیکن کسی نے پیسے نہ دیئے کہ یہ منصوبہ مکمل ہو سکے۔ محمد نواز شریف نے منصوبے کو آگے بڑھایا، اس کے لیے فنڈز دیے اور آج الحمد اﷲ منصوبہ آپ کے سامنے ہے اور انشاء اﷲ یہ منصوبہ ڈیرہ بگٹی کے عوام کی تقدیر بدلے گا۔ انہوں نے کہا کہ بہت سی حکومتیں آئیں اور انہوں نے صرف باتیں کیں اور آپ سے ووٹ حاصل کیا، الحمد اﷲ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت باتیں نہیں کام کرتی ہے، عوام کے مسائل حل کرتی ہے۔ آج بلوچستان کا مستقبل بلوچستان کے عوام کے ہاتھوں میں ہے۔ یہ منصوبہ دو صوبوں کے درمیان ایک محبت کا عکاس ہے۔ منصوبے کے تحت 300 کلو میٹر نہر پنجاب سے گزرتی ہے، لیکن پانی بلوچستان کے لیے آتا ہے۔ ڈیرہ بگٹی اور سوئی کے لیے پینے کے پانی اور گیس کے مسائل کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ یہ آپ کا مسئلہ نہیں، ہمارا مسئلہ ہے، یہ مستقل طور پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ آپ پر احسان نہیں ہے، یہ ہمارا فرض ہے کہ جو ماضی کی کوتاہیاں تھیں ان کو دور کریں اور آپ کو یہ محسوس ہو کہ پاکستان کے عوام نے آپ کا قرض ادا کرنا ہے، اور وہ ادا کر رہے ہیں اور مجھے یہ کہتے ہوئے پورا یقین ہے کہ وہ وقت دور نہیں جب انشاء اﷲ بلوچستان پاکستان کا امیر ترین صوبہ ہوگا، یہ صرف کہنے کی بات نہیں ہے حقائق آپ کے سامنے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ اگر آپ نے ووٹ کے فیصلے صحیح کیے تو اس کے ثمرات آپ کو ملیں گے اور یہ چند سالوں کی بات ہے کہ بلوچستان کے وسائل دوسرے صوبوں سے زیادہ ہوا کریں گے، یہ فیصلے آپ کے ہاتھ میں ہیں۔