نگران وزیر اعظم پر پی ڈی ایم کے ارمان آنسوئوں میں بہہ گئے‘ شیخ رشید
شیئر کریں
سابق وزیر داخلہ و سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد نے کہا کہ نگران وزیر اعظم کے تقرر پر پی ڈی ایم کے دل کے ارمان آنسوئوں میں بہہ گئے اور 13 پارٹیاں شرمائی شرمائی ایک دوسرے کی طرف دیکھ رہی ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں شیخ رشید نے کہا کہ ان میں مبارکباد دینے کی بھی ہمت نہیں ہے اور کٹی ہوئی پتنگ کی طرح ایک دوسرے سے پوچھ رہے ہیں کہ یہ کیا اور کیسے ہوا، 16 مہینے کی نااہل، نکھٹو حکومت کو جس ذلت و رسوائی سے جانا پڑا وہ بھی تاریخ کا ایک حصہ ہے اور جنہیں اس قابل بھی نہیں سمجھا گیا کہ ان کے مشوروں کو اہمیت دی جاتی۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں کون سا ملک ایسا ہے جہاں جشن آزادی پر ہنگامی حالات میں دفعہ 144 نافذ کر دی جائے اور وہ علاقے جہاں سارے عسکری اداروں کے ہیڈ کوارٹر ہیں اس شہر میں رات کو بجلی کاٹ دی جائے اور لوگوں کو پکڑ پکڑ کر تھانوں میں بند کیا جائے۔