میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
بلدیہ عظمیٰ کراچی میں میونسپل کمشنر کی تعیناتی پر تنازع سے اہم امور ٹھپ

بلدیہ عظمیٰ کراچی میں میونسپل کمشنر کی تعیناتی پر تنازع سے اہم امور ٹھپ

ویب ڈیسک
منگل, ۱۵ اگست ۲۰۲۳

شیئر کریں

بلدیہ عظمیٰ کراچی میں میونسپل کمشنر کی عدم تعیناتی کے باعث ادارے کے امور درہم برہم برہم اور فائلوں کے ڈھیر لگ گئے۔تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے بلدیہ عظمیٰ کراچی میں گزشتہ 15 روز سے کوئی میٹروپولیٹن کمشنر تعینات نہیں کیا گیا ہے، سابق ایم سی نعمان ارشد 30 جولائی کو ریٹائرڈ ہوچکے ہیں اور اس وقت سے مذکورہ اہم ترین عہدہ خالی پڑا ہوا ہے۔کے ایم سی کے اندرونی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ میٹروپولیٹن کمشنر کی تعیناتی پر شدید تنازع کھڑا ہوگیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب سابق میٹروپولیٹن کمشنر افضل زیدی کو کے ایم سی میں میٹروپولیٹن کمشنر تعینات کرانے کے خواہش مند ہیں اور اس سلسلے میں ان کی ایک کوشش پہلے ناکام بھی ہوچکی ہے۔ذرائع کے مطابق میئر کراچی کا حلف اٹھانے کے ساتھ ہی مرتضیٰ وہاب کی مبینہ سفارش پر افضل زیدی کو میٹروپولیٹن کمشنر کے ایم سی تعینات کردیا گیا تھا تاہم حکمراں جماعت کے ہی بعض اہم عہدیداروں کی شدید مخالفت کے باعث افضل زیدی کی تعیناتی کے احکامات واپس لے لئے گئے تھے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مرتضیٰ وہاب جب ایڈ منسٹریٹر کے ایم سی کے عہدے پر تعینات تھے تو اس دوران افضل زیدی ہی میٹروپولیٹن کمشنر کے عہدے پر موجود تھے جس کے باعث میئر کراچی اور افضل زیدی کے مابین اچھے تعلقات قائم ہیں۔دریں اثناء افضل زیدی جو کہ اس سے قبل کلک پروگرام میں پروجیکٹ ڈائریکٹر کے عہدے پر بھی تعینات رہ چکے ہیں اور ان پر کلک کے ساتھ ساتھ کے ایم سی میں بھی اربوں روپے کے ٹھیکوں میں مبینہ سنگین جعلسازیوں کے الزامات عائد کئے جارہے ہیں جس کے باعث حکمراں جماعت کے بعض عہدیدار ان کی تعیناتی کو کے ایم سی کیلئے نقصان قرار دے رہے ہیں۔ذارئع کا کہنا ہے کہ کے ایم سی کی حکمراں جماعت کے بعض اہم عہدیداروں کی شدید مخالفت کے باعث کئی روز سے میٹروپولیٹن کمشنر کی تعیناتی کا مسئلہ لٹکا ہوا ہے جس کے باعث ایک جانب ادارے کے امور بری طرح متاثر ہورہے ہیں وہیں شہر کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اب دیکھنا یہ ہے کہ میئر کراچی اپنے من پسند افسر کی تعیناتی کرانے میں کامیاب ہوتے ہیں یا حکمراں جماعت کے دیگر عہدیداروں کی جیت ہوتی ہے۔ افضل زیدی کے فرنٹ مین محسن کے خلاف تحقیقاتی ادارے تفتیش کرر ہے ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں