عمران نیازی اقتدار کے لیے ہر روایت بھول چکے ہیں مراد علی شاہ
شیئر کریں
کل لاہور کے پی ٹی آئی جلسے کے لیے پاکستان کا جھنڈا اتارا گیا جس کی ہم مذمت کرتے ہیں، وزیر اعلیٰ سندھ
ہمیں بانیانِ پاکستان کے افکار پر عمل پیرا ہوکر متحد قوم کی حیثیت سے انتھک محنت کرنا ہوگی ،آغاز سراج درانی
کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان کے 75ویں یوم آزادی پر وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ اور قائم گورنر آغا سراج درانی نے مزار قائد پر حاضری دی اور پرچم کشائی کی۔وزیرِ اعلی سندھ کے ہمراہ کابینہ اراکین اور اعلی حکام موجود تھے، آغا سراج درانی اور مراد علی شاہ نے فاتحہ خوانی اور پھولوں کی چادر چڑھائی جبکہ گورنر اور وزیراعلی نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کیے۔مزارِ قائد پر پاک نیوی کے بینڈ کی جانب سے قومی ترانے کی دھن بجائی گئی۔قائم مقام گورنر سندھ آغا سراج خان درانی اور وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کی۔ قائم مقام گورنر نے کہا کہ وطنِ عزیز کے حصول کے لیے ہمارے بزرگوں نے ان گنت قربانیاں دیں، ہمیں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہیے کہ اس نے ہمیں ایک آزاد ریاست سے نوازا۔آغاز سراج درانی نے کہا کہ ہمیں 75برسوں کے تجربات کی روشنی میں ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے یکجا ہو کر کام کرنا ہوگا، ہمیں بانیانِ پاکستان کے افکار پر عمل پیرا ہوکر متحد قوم کی حیثیت سے انتھک محنت کرنا ہوگی جبکہ ہمیں قومی مقاصد کے حصول کے لیے اتحاد، ہم آہنگی اور مکمل یکسوئی کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ بابائے قوم قائد اعظم کو خراج عقیدت پیش کیا ہے، آج کے دن میں کشمیری بھائیوں کو نہیں بھولنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ کل لاہور کے پی ٹی آئی جلسے کے لیے پاکستان کا جھنڈا اتارا گیا جس کی ہم مذمت کرتے ہیں، عمران نیازی ملک کی محبت بھول کر اپنے اقتدار کے حصول کے لیے ہر روایت بھول گئے۔