محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اورایف بی آر کا تنازع شدت اختیار کرگیا
شیئر کریں
34لاکھ گاڑیوں کی فروخت سے متعلق غلط خبرکی اشاعت پر محکمہ ایکسائزکے اکائونٹ سے 6ارب 25کروڑروپے کاٹ لیے گئے
حکومت سندھ کے احتجاج پرایف بی آرنے غلط خبرکی تردید نہ کرنے کی عجیب منطق پیش کرکے سب کوحیرت میں ڈال دیا
انکم ٹیکس ٹریبونل نے سماعت کے بعد سندھ حکومت کو رقم واپس کرنیکاحکم دیاتومعاملہ ٹھنڈاہوا‘لیکن ایف بی آرکی کل سیدھی نہ ہوئی
الیاس احمد
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)بھی اب واپڈا کے الیکٹرک کی طرح بن چکاہے۔ جواپنی زبان سے جوکہہ دے وہ حرف آخر ہے اوردوسرے کی بات نہیں سننی۔اوریہ بات سندھ کے لیے مکمل فٹ نظر آتی ہے۔ ایف بی آر کا رویہ تھانیدار والا ہوگیاہے۔ کوئی اس کوکہنے والا نہیں ہے۔ ایف بی آر کسی کی بھی نہیں سن رہا ہے اورکوئی حکم نہیں مان رہا ہے۔ پھرکیا کیاجائے؟ حکومت سندھ کس کے پاس جائے مئی 2016ء میں ایک انگریزی اخبار نے ٹائپنگ کی غلطی سے خبردے دی کہ حکومت سندھ نے ایک سال میں 34لاکھ گاڑیاں رجسٹرڈ کی ہیں۔ یہ ناممکن بات ہے امریکا جیسے ملک میں بھی ایک سال میں34لاکھ گاڑیاں رجسٹرڈ نہیں ہوتیں۔ بس اس خبر پرایف بی آر نے محکمہ ایکسائز کے اکائونٹ سے 6ارب 25کروڑروپے کی کٹوری کردی۔ حکومت سندھ نے شور شرابہ کیاتوایف بی آر نے غیر متوقع طورپر جواب دیا کہ اگرخبرغلط ہے توپھرحکومت سندھ نے تردید کیوں نہ کی بھلا یہ کوئی منطق ہے ؟ اخبار کی خبرپر قانون اپنا راستہ نہیں بناتا سرکاری ادارے قانون کی کتاب سے چلتے ہیں ‘تمام ثبوت ایف بی آر کودے دینے کے باوجودبھی معاملہ ٹھیک نہیں ہواتومجبورہوکر حکومت سندھ نے انکم ٹیکس ٹریبونل میں کیس دائر کیا ٹریبونل نے بھی دونوں فریقین کا موقف سنا اورحکومت سندھ کے حق میں فیصلہ دے دیا کہ ایف بی آر 6ارب 25کرور روپے کی رقم حکومت سندھ کوواپس کرے۔ مگرایف بی آر پھربھی نہ مانا اورحکومت سندھ نے بالآخر آخری راستے کے طورپر وفاقی ٹیکس محتسب کے پاس اپنا کیس پیش کیا جہاں پر تاحال کیس چل رہا ہے۔ اس دوران میں حکومت سندھ نے اسٹیٹ بینک سے رابطہ کیا اور اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا اسٹیٹ بینک کوبات سمجھ میں آگئی اورفوری طورپر اسٹیٹ بینک نے ایک سرکلر جاری کیا اورایف بی آر کوسختی سے حکم دیا کہ وہ آئندہ کوئی بھی خط ایسا جاری نہ کرے جس میں کہا جائے کہ فوری طورپر براہ راست کٹوتی کی جائے کیونکہ براہ راست کٹوتی کا اختیار صرف اعلیٰ عدالتوں ،سپریم کورٹ ،ہائی کورٹس یا ٹریبونل کوہے۔
ایف بی آر کا کوئی افسرجج کی حیثیت نہیں رکھتا اس لئے وہ ایسا خطآئندہ نہ لکھیں جس میں کہا جائے کہ ایڈوانس میں رقم کی کٹوتی کرکے ایف بی آر کودی جائے۔ اسٹیٹ بینک کے اس واضح ہدایت پر ایف بی آر وقتی طورپر خاموش ہوگیا لیکن اب گزشتہ ہفتے پھرایف بی آر نے وہی حرکت دوبارہ کردی اورمحکمہ ایکسائز کے انفراسٹرکچر سیس کی مد میں29کروڑروپے کی پھرنیشنل بینک سے کٹوتی کرادی۔ جس پر حکومت سندھ نے زبردست احتجاج کیا۔ سب سے پہلے سیکریٹری ایکسائز عبدالحلیم شیخ نے گورنراسٹیٹ بینک طارق باجوہ اورصدرنیشنل بینک احمد سعید کوخطوط لکھے ۔ جس میں اس بات پراحتجاج کیا کہ جب اسٹیٹ بینک نے پہلے حکم دیاتھا کہ کسی بھی طورپرایک خط پرکوئی کٹوتی نہیں کی جائے گی پھر نیشنل بینک نے یہ کٹوتی کیوں کی؟ یہ دیکھا گیا ہے کہ صرف حکومت سندھ کے ساتھ کیوں سوتیلی ماں جیسا سلوک کیاجاتاہے؟ باقی صوبوں کے ساتھ یہی رویہ کیوں نہیں اپنایا جاتا؟ خط میں کہا گیاہے کہ حکومت سندھ کے ساتھ تعصب والا رویہ اختیار کرنا آئین کی خلاف ورزی ہے۔ خط میں کہا گیاہے کہ کنسالیڈیٹ فنڈ کوتوآئین پاکستان نے تحفظ دیا ہواہے پھرباربار ایف بی آر کیوں براہ راست کٹوتی کرکے آئین کی خلاف ورزی کررہا ہے خط میں کہا گیا ہے کہ جب اسٹیٹ بینک نے چھ ماہ قبل سرکلر جاری کیاتھا کہ سپریم کورٹ ،ہائی کورٹس اورٹریبونلز کے علاوہ براہ راست کوئی کٹوتی نہیں کی جائے گی توپھر یہ کٹوتی کیوں کی گئی؟ معاملہ یہاں ختم نہیں ہوتا، ایف بی آر نے29کروڑروپے کی کٹوتی کے بعد اب حکومت سندھ کو3 ارب روپے کے دوسرے نوٹس بھی بھیج دیے ہیں۔
جس کے بعد حکومت سندھ بھی اب سرگرم ہوگئی ہے محکمہ ایکسائز نے وزیر اعلیٰ سندھ سے رابطہ کیا ہے اور صلاح مشورے شروع کیے ہیں کہ کسی بھی طورپراس ناانصافی پرخاموش نہیں رہا جائے گا۔حکومت سندھ نے معاملہ سندھ ہائی کورٹ یا پھرسپریم کورٹ میں لے جانے کے لیے صلاح مشورے شروع کردیے ہیں۔ ایڈووکیٹ جنرل کے علاوہ کئی قانونی ماہرین سے صلاح مشورے شروع کیے جارہے ہیں کیونکہ اس طرح توایف بی آر حکومت سندھ سے اربوں روپے لوٹ لے گا۔اور حکومت سندھ ہاتھ پرہاتھ رکھ کربیٹھی رہے گی۔ ایف بی آر نے قانون کومذاق بنادیا ہے ایک اخباری خبرپر 34لاکھ گاڑیاں ایک سال میں رجسٹرڈ کرنے کی بات سچ سمجھ لی اورسندھ کے6ارب 25کروڑروپے کاٹ کراپنے پاس رکھ لیے نہ صرف اتنا بلکہ جس افسر نے یہ کارنامہ سرانجام دیا اس کوپروموشن دے کرانعام بھی دے دیا۔یہ کتنی جگ ہنسائی کی بات ہے کہ انکم ٹیکس ٹریبونل نے بھی اس کومذاق قرار دے دیا لیکن ایف بی آر پھر بھی ڈھٹائی کررہا ہے جس کے بعد اب حکومت سندھ خواب خرگوش سے بیدار ہوئی ہے اورفوری طورپر گورنراسٹیٹ بینک اورصدرنیشنل بینک کوخطوط ارسال کیے ہیں تاکہ معاملہ ہمیشہ کے لیے حل کردیاجائے اس معاملہ میں مزید شدت آنے کی توقع کی جارہی ہے۔