عید پر ملک میں مہنگائی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے،عوام کابُراحال
شیئر کریں
عید پر ملک میں مہنگائی کے تمام ہی ریکارڈ ٹوٹ گئے، ایک ہفتے کے دوران ہنگائی کی شرح میں 3 فیصد سے زائد کا ہوشربا اضافہ، مہنگائی کی مجموعی شرح ساڑھے 33 فیصد سے بھی اوپر چلی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں عید الاضحی کے موقع پر مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی۔ عید کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد ادارہ شماریات کی جانب سے مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں ہوشربا اضافہ ہوا ، صرف ایک ہفتے کے دوران مہنگائی میں مزید 3 اعشاریہ 32 فیصد اضافہ ہوا، جس سے مہنگائی کی مجموعی شرح 33 اعشاریہ 66 فیصد تک پہنچ گئی۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں 30 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔صرف 5 اشیا سستی ہوئیں جبکہ 16 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران جن اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ان میں پٹرول 6 اعشاریہ 36 فیصد، ڈیزل پانچ اعشاریہ 6 فیصد مہنگے ہوئے، جبکہ ایل پی جی بھی 2 اعشاریہ 33 فیصد مہنگی ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں گھی کا اڑھائی کلو کا ڈبہ ایک اعشاریہ 64 فیصد، آلو 2 اعشاریہ 57 فیصد مہنگے ہوئے، لہسن 5 اعشاریہ 6 فیصد مہنگے ہو گئے۔اس کے علاوہ آٹا، دال چنا، دال مسور، انڈے، دہی، چاول، چینی، دودھ سمیت دیگر کئی اشیا کی قیمتیں بھی بڑھیں۔ رپورٹ میں کے مطابق ایک ہفتے کے دوران صرف ٹماٹر، پیاز، دال ماش اور کیلے کی قیمتوں میں کچھ کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ واضح رہے کہ معاشی ماہرین کے مطابق ملک میں پٹرولیم مصنوعات اور ڈالر کی قیمت میں ریکارڈ اضافے کی وجہ سے رواں سال کے دوران مہنگائی کی شرح میں مسلسل اور مزید اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔ ملک میں مہنگائی کی شرح بلند ترین سطح پر پہنچ جانے کی وجہ سے اسٹیٹ بینک بھی شرح سود میں اضافہ کر چکا۔