نواز شریف کی طلبی کا اشتہار لندن میں ایون فیلڈ اپارٹمنٹ کے باہر لگانے کا فیصلہ
شیئر کریں
توشہ خانہ ریفرنس میں نیب نے سابق وزیر اعظم میاںمحمد نواز شریف کی طلبی کا اشتہار لندن میںبھی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ لندن میں ایون فیلڈ اپارٹمنٹ کے باہر اشتہار لگانے کے لئے نیب نے وزارت خارجہ سے رابطہ کیا ہے، جبکہ وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر یورپ نے پاکستانی سفارتخانہ سے رابطہ کر لیا ۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج سید اصغر علی نے نواز شریف کی طلبی کے بار، بار سمن جاری کئے ، وارنٹ جاری کئے، تاہم پھر بھی نواز شریف پیش نہ ہوئے جس کے بعد نواز شریف کی عدالت طلبی کے لئے باقاعدہ اشتہار جاری کیا گیا اور کہا گیا کہ وہ17اگست کو عدالت میں پیش ہوں۔ نواز شریف کی طلبی کا اشتہار مختلف جگہوں پر چسپاں کیا جارہا ہے اور گزشتہ روزنواز شریف کی رائیونڈ رہائش گاہ کے با ہر یہ اشتہار چسپاں کیا گیا اور منگل کے روز یہ اشتہار اسلام آباد کی احتساب عدالت کے باہر چسپاں کر دیا گیا ۔ نیب حکام کے مطابق نواز شریف چونکہ بیرون ملک موجود ہیں اس لئے ان کی بیرون ملک پراپرٹی ایون فیلڈ اپارٹمنٹ کے باہر بھی اشتہار چسپاں کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس حوالہ سے نیب نے باقاعدہ وزارت خارجہ کے حکام سے رابطہ کر لیا ہے اور کہا گیا ہے کہ وزارت خارجہ میں ڈائریکٹر یورپ سے رابطہ کیا گیا ہے اور یہ کہا گیا ہے یہ وارنٹ پاکستانی سفارتخانہ کے زریعہ برطانیہ بھیجا جائے اور برطانیہ میں باقاعدہ طور پر ایون فیلڈ اپارٹمنٹس جہاں نواز شریف کی ذاتی رہائش گاہ ہے وہاں پر یہ چسپاں کیا جائے۔ نیب کی جانب سے نوٹس وزارت خارجہ کو ارسال کر دیا گیا ہے۔ نوٹس کے مطابق نواز شریف احتساب عدالت کو مطلوب ہیں اور وہ جان بوجھ کر عدالت عدالتی کارروائی سے مفررو ہیں۔ نواز شریف کو 17اگست کو پیش ہونے کے لئے آخری موقع دیا گیا ہے ۔ نواز شریف سے کہا گیا ہے کہ وہ توشہ خانہ سے لی گئی گاڑی کا جواب دیں اور پیش ہو کر ریفرنس کا جواب دیں اور اپنا بیان ریکارڈ کروائیں تاکہ انہیں صفائی کاموقع دیا جاسکے اور اس کے بعد مقدمہ کا ٹرائل شروع کیا جاسکے۔