میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
بارشوں کے دوران وبائی امراض پھیلنے کا خطرہ ،بچائو کے انتظامات ناپید

بارشوں کے دوران وبائی امراض پھیلنے کا خطرہ ،بچائو کے انتظامات ناپید

منتظم
هفته, ۱۵ جولائی ۲۰۱۷

شیئر کریں

سرکاری ہسپتالوں اور مراکز صحت میں غیر متوقع ہنگامی حالت سے نمٹنے کے لیے دوائوں کی نایابی اور عملے کی عدم دستیابی کا مسئلہ برقرار
نیشنل ہیلتھ انسٹی ٹیوٹ کی طرف سے متعلقہ اداروں کو پانی اور اشیائے خوراک کو آلودگی سے محفوظ رکھنے کی ہدایت نظر انداز

محکمہ موسمیات نے جولائی سے ستمبر کے دوران ملک بھر میں بارشوں کی پیش گوئی کی ہے اور اس پیش گوئی کے مطابق کراچی سمیت ملک کے طول وعرض میں بارشوں کاسلسلہ نہ صرف شروع ہوچکا ہے بلکہ اس کے جاری رہنے کی بھی پوری توقع ہے۔
بارشوں کے آغاز کے ساتھ ہی ملک کے مختلف علاقوں میں پیدا ہونے والی سیلابی کیفیت ، کرنٹ لگنے اور دیگر حادثات کے نتیجے میں اب تک دو درجن سے زیادہ افراد کی ہلاکتوں کی اطلاعات موصول ہوچکی ہیں جبکہ بارشوں کے ساتھ ہی اس طرح کے واقعات پیش آتے رہنے کے خدشات کو نظر انداز نہیں کیاجاسکتا ۔بارشوں میں ہونے والی حادثاتی اموات کے علاوہ اس وقت سب سے بڑا خطرہ بارشوں کے باعث سیلن سے پیداہونے والے جراثیم ، حشرات الارض ، مکھیوں اور مچھروں کی وجہ سے پھیلنے والے وبائی امراض کا ہے ۔اصولی طورپر محکمہ موسمیات کی جانب سے بارشوں کی پیش گوئی سے قبل ہی بارشوں کا موسم شروع ہونے سے بہت پہلے ہی حکومت کو اس طرح کے وبائی امراض سے نمٹنے کے خصوصی انتظامات کے ساتھ ہی لوگوں کو ان وبائی امراض سے محفوظ رکھنے کے لیے احتیاطی انتظامات شروع کردینے چاہئے تھے جن میں لوگوں کو خاص طورپر شہر وں کے نواحی اور پسماندہ علاقوں کے علاوہ دیہات میں احتیاطی ویکسین لگانے کے ابتدائی انتظامات شامل ہیں۔اس کے لیے شہروں اور دیہی علاقوں کے ہسپتالوں اور صحت مراکز میں ممکنہ اور متوقع وبائی امراض کی ویکسین اور دیگر ضروری ادویہ کی وافر مقدار میں فراہمی کے علاوہ ہسپتالوں اور صحت مراکز میں ان وبائی امراض کا شکار ہونے والے لوگوں کے علاج معالجے کی مناسب سہولتوں کا انتظام شامل ہے لیکن دیہی اور پسماندہ علاقے تو کجا اب تک سندھ کی حکومت نے شہروں کے بڑے ہسپتالوں میں بھی اس حوالے سے کوئی انتظامات نہیں کیے ہیں جس کی وجہ سے کسی بھی وبائی مرض کے پھیلنے کی صورت میں مریضوں کو علاج کی سہولتوں کی فراہمی میں مشکلات پیش آنے کے خدشات کو رد نہیں کیاجاسکتا۔
اطلاعات کے مطابق نیشنل ہیلتھ انسٹی ٹیوٹ نے بھی متعلقہ اداروں کو اس حوالے سے ضروری انتظامات کرنے اورپانی اور اشیائے خوراک کو آلودگی سے محفوظ رکھنے کے حوالے سے اقدامات کی ہدایت کی تھی لیکن اس کے باوجود اب تک اس حوالے سے کوئی پیش رفت نظر نہیں آسکی ہے۔ نیشنل ہیلتھ انسٹی ٹیوٹ نے یہ بھی متنبہ کیاتھا کہ بارشوں کے دوران ذرا سی بے احتیاطی سے امراض بڑی تیزی سے پھیلتے ہیں اور پیشگی انتظامات نہ کیے جانے کی صورت میں ان پر قابو پانا مشکل ہوجاتاہے جس سے بڑی تعداد میں انسانی جانیں ضائع ہونے کے خدشات کو نظر انداز نہیں کیاجاسکتا۔ نیشنل ہیلتھ انسٹی ٹیوٹ نے متنبہ کیاتھا کہ اس موسم میں آنتوں میں انفیکشن، گیسڑو انٹریٹیز ، ٹائیفائیڈاور میعادی بخار وغیرہ قسم کے امراض تیزی سے پھیلتے ہیں۔اس لیے اس موسم میں شہریوں کو فراہم کیے جانے والے پانی میں کلورین کی مناسب مقدارکی آمیزش کو یقینی بنانے کے ساتھ ہی پانی میں کسی بھی طرح کی آلودگی کی روک تھام اور گندے پانی کی فوری اور بلاتعطل نکاسی کو یقینی بنانے کے علاوہ سڑکوں اورگلیوں میں موجود گڑھوں میں پانی بھرنے سے بچائو کے لیے ان گڑھوں کو فوری طور پر بھرنا ضروری ہے،اس کے علاوہ کھلی ہوئی کھانے پینے کی اشیا کی فروخت روکنے اور گلے سڑے پھلوں کے استعمال کو روکنے کے لیے ان کو فوری طورپر ٹھکانے لگانے اور عوام میں بھرپور آگہی مہم چلانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیاتھا۔
نیشنل ہیلتھ انسٹی ٹیوٹ کے سربراہ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی تھی کہ وبائی امراض سے بچائو کے لیے کیے جانے والے انتظامات کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کرنے اور حالات کے مطابق انھیں اپ ڈیٹ کرنے کے بھی انتظامات کیے جانے چاہئیں۔ نیشنل ہیلتھ انسٹی ٹیوٹ کے سربراہ نے یہ بھی ہدایت کی تھی کہ کسی بھی علاقے سے پیٹ کی بیماریوں دست قے، یابخارکا کوئی ایک بھی مریض سامنے آنے پر اس کے اسباب کی فوری طورپر چھان بین کی جانی چاہئے تاکہ اس کے اسباب کا فوری اور بروقت سدباب کیاجاسکے۔انھوں نے اس حوالے سے ضلعی ہیلتھ ٹیموں کو فوری طورپر فعال کرنے اور ان کے کاموں کو بہتر انداز میں مانیٹرنگ کرنے کی بھی ہدایت کی تھی۔انھوں نے اس حوالے سے خاص طورپر یہ نشاندہی کی تھی کہ شہروں اوردیہی علاقوں میں خاص طورپر گنجان آباد بستیاں اور تنگ گلیاںاس طرح کے وبائی امراض کا اصل گڑھ ثابت ہوتی ہیں۔ اس لیے ان کی صفائی کے ساتھ ہی ان علاقوں میں رہنے والوں کو حفاظتی ویکسین لگانے کے خصوصی انتظامات کیے جانے چاہئیںلیکن ایسا محسوس ہوتاہے کہ نیشنل ہیلتھ انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے اس بروقت بلکہ قبل از وقت انتباہ کا سندھ کے محکمہ صحت نے کوئی نوٹس نہیں لیا ہے اور اسے بھی معمول کی خط وکتابت تصور کرتے ہوئے داخل دفتر کردیاہے۔جس کااندازہ اس طرح لگایاجاسکتاہے کہ سرکاری ہسپتالوں اور مراکز صحت میں ابھی تک بارش کی وجہ سے پیداہونے والی غیر متوقع ہنگامی حالت سے نمٹنے کے لیے انتظامات کے فقدان دوائوں کی نایابی اور عملے کی عدم دستیابی سے لگایاجاسکتاہے ، دوسری جانب سڑکوں پر لگے ہوئے کچرے کے ڈھیر اور جگہ جگہ بہتے سیوریج کے پانی سے اٹھتے ہوئے تعفن سے یہ اندازہ ہوتا ہے کہ ہمارے حکام بالا کو اب بھی حالات کی سنگینی کاکوئی احساس نہیں ہے ۔
توقع کی جاتی ہے حکومت سندھ حالات کی سنگینی کااحساس کرے گی اور کسی بھی متوقع وبائی مرض کے پھیلنے کے خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے نیشنل ہیلتھ انسٹی ٹیوٹ کے سربراہ کی ہدایت کے مطابق ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے محکمہ سندھ کے حکام کو اپنی ذمہ داریاں احسن طور پر انجام دینے واٹر اور سیوریج بورڈ کے حکام کو شہریوں کو صاف اور کلورین ملا پانی فراہم کرنے اور گندے پانی کی جلد از جلد نکاسی اور کچرے کے ڈھیر صاف کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات اُٹھانے پر مجبور کرنے کے لیے مناسب حکمت عملی اختیار کرنے کی کوشش کرے گی، تاکہ بارشوں کایہ موسم عوام کی مشکلات اور مصائب میں اضافے اور حکومت کی جگ ہنسائی کاذریعے نہ بن سکے اور صوبے کے تمام علاقوں کے لوگ موسم کی تباہ کاریوں سے محفوظ رہتے ہوئے اس کی رنگینیوںسے لطف اندوز ہوسکیں ۔
ایچ اے نقوی


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں