جرائم کی سرپرستی میں ہٹایا گیا سب انسپکٹر ایس ایچ او لگا دیا گیا
شیئر کریں
تین سال قبل رضویہ سوسائٹی پولیس اسٹیشن سے جرائم کی سرپرستی میں ہٹائے جانے والےSHO سب انسپکٹر مظفر علی کو تھانہ سمن آباد میں ایس ایچ او تعینات کردیا گیا،تفصیلات کے مطابق سمن آباد تھانے کی حدود میں ایک سے بڑھ کر ایک افسر کی بطور ایس ایچ او تعیناتی سے عوام سخت پریشان ہو گئے،سابق ایس ایچ او سلیم خان کی تعیناتی کے دوران چوری ،ڈکیتی،لوٹا ماری ،آرگنائز کرائم بھتہ خوری عروج پر رہی اور گزشتہ روز آخر کار ایس ایچ او سلیم خان سے سمن آباد کی عوام کو چھٹکارہ حاصل ہوا تو سونے پہ سہاگہ نئے تعینات ہونے والے ایس ایچ او مظفر علی کو2020میں اس وقت کے ایس ایس پی سینٹرل عارف اسلم رائو نے رضویہ تھانے سے معطل اور ریورڈ کیا تھا اور ایڈیشنل آئی کراچی نے بعد اذاں جرائم کی سرپرستی کرنے والے15ایسے تھانیداروں کی فہرست جاری کی تھی ۔جو آئندہ SHO نہیں لگ سکتے جس میں سب انسپکٹر مظفر علی کا نام سیریل نمبر2 پر شامل تھا ۔ تاہم گزشتہ روز اعلی افسر کی ہدایات پر سب انسپکٹر مظفر علی کو دوبارہ سمن آباد تھانے میں بطور ایس ایچ او تعینات کیا گیا ہے۔