امام الحق نے انگلینڈ میں بھارتی کرکٹر کپل دیو کا 36 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا
شیئر کریں
قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر امام الحق نے انگلینڈ میں سابق بھارتی کرکٹر کپل دیو کا 36سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔امام الحق نے انگلینڈ کے خلاف تیسرے ایک روزہ میچ میں شاندار اننگز کھیلی اور 131گیندوں پر ایک چھکے اور 16چوکوں کی مدد سے 151رنز بناکر آئوٹ ہوئے ۔ امام الحق انگلش سرزمین پر ون ڈے اننگز میں 150رنز بنانے والے کم عمر ترین کھلاڑی بن گئے ہیں اور انہوں نے یہ کارنامہ 23سال 153 دن کی عمر میں سرانجام دیا ہے ۔ سابق بھارتی کپتان کپل دیو نے 1983میں 24سال 163دن کی عمر میں زمبابوے کیخلاف 175رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ اس کے ساتھ ہی امام الحق نے ایک اور تاریخ بھی رقم کی ہے اور وہ انگلینڈ کے خلاف ایک روزہ میچز میں سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے والے پاکستانی بھی بن گئے ہیں۔اس سے قبل یہ اعزاز فخر زمان کے پاس تھا جنہوں نے 138 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔فخر زمان نے یہ اعزاز انگلینڈ کے خلاف جاری سیریز کے دوسرے میچ میں حاصل کیا تھا۔ فخر زمان نے 20برس بعد اعجاز احمد کا ریکارڈ توڑا تھا تاہم اگلے ہی میچ میں امام الحق نے یہ ریکارڈ فخر زمان سے چھین لیا۔ ماضی کے اسٹار بیٹسمین اعجاز احمد نے 1999میں انگلینڈ کے خلاف 137رنز بنائے تھے جب کہ 1987میں جاوید میانداد نے 113رنز کی اننگز کھیلی تھی۔