گٹکا فروشوں نے بھی عدالت سے رجوع کرلیا
شیئر کریں
گٹکا فروشوں نے پولیس آپریشن کو غیرقانونی قرار دینے کے لیے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا ہے ، عدالت نے سندھ حکومت اور آئی جی سندھ سے جواب طلب کرلیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں درخواست گزار وسیم شہزاد نے عرفان عزیز ایڈدوکیٹ کی وساطت سے درخواست دائر کی ہے ، جس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ پولیس گٹکا فروشوں کے خلاف کارروائی میں اختیارات کا غلط استعمال کررہی ہے اور ان پر زہریلا اور تیزابی مواد رکھنے کے الزام میں دفعہ 336 بی کے تحت مقدمات درج کیے جارہے ہیں۔درخواست گزار نے اپنی درخواست میں کہا کہ گٹکے میں ایسا کوئی زہریلا یا تیزابی مواد نہیں ہوتا،عدالتی حکم پر میڈیکل تجزیہ کرایا جاسکتا ہے ،درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ پولیس کے گٹکا اورپان فروشوں کے خلاف آپریشن کو غیر قانونی قرار دیا جائے ۔جس پر عدالت نے سندھ حکومت اور آئی جی سندھ کو چوبیس جون کیلئے نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے جواب طلب کرلیا ہے ۔