کے فور منصوبے، پائپ لائن بچھانے کے دوران نیپا فلائی اوور بیٹھ گیا
شیئر کریں
ترقیاتی منصوبوں کی ناقص منصوبہ بندی نے شہریوں کی زندگی خطرے میں ڈال دی
بھاری مشینری کی کھدائی، دن رات کام کے باعث پل کی بنیادیں متاثر ہوئیں،ذرائع
کے فور منصوبے کے لیے پائپ لائن بچھانے کے کام کے دوران کراچی کا نیپا فلائی اوور بیٹھ گیا تاہم انتظامیہ نے متاثرہ حصے کو رکاوٹیں لگا کر بند کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں ترقیاتی منصوبوں کی ناقص منصوبہ بندی نے شہریوں کی زندگی خطرے میں ڈال دی، یونیورسٹی روڈ پر جاری کے فور منصوبے کے لیے پائپ لائن بچھانے کے دوران نیپا فلائی اوور کو شدید نقصان پہنچا ہے، جس کے باعث پل کا ایک بڑا حصہ بیٹھ گیا ہے۔ذرائع نے بتایا نیپا سے حسن اسکوائر جانے والے ٹریک پر ریڈ لائن بی آر ٹی اور کے فور منصوبے کے لیے ہونے والی بھاری مشینری کی کھدائی اور دن رات کام کے باعث پل کی بنیادیں متاثر ہوئیں، فلائی اوور کا ایک حصہ 6 سے 7 فٹ تک نیچے دھنس گیا ہے جس سے سڑک پر گہرا گڑھا پڑ گیا ہے۔تاہم کسی بڑے حادثے کے پیشِ نظر انتظامیہ نے متاثرہ حصے کو رکاوٹیں لگا کر ٹریفک کے لیے بند کر دیا ہے۔متاثرہ مقام پر موجود شہریوں نے سخت ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ "ریڈ لائن منصوبہ اب وہ ہڈی بن چکا ہے جو نہ نگلی جا رہی ہے نہ اگلی جا رہی ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ترقیاتی کاموں کے نام پر انسانی جانوں کو دا پر لگانا کسی صورت مناسب نہیں، انہوں نے طنزا کہا کہ اگر حکومت کے پاس پل کی فوری مرمت کے پیسے نہیں تو کم از کم حادثات سے بچنے کے لیے یہاں روشنی کا ہی انتظام کر دیا جائے۔متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی روڈ پر کے فور منصوبے کے تحت 2.7 کلومیٹر طویل پانی کی لائنیں بچھائی جا رہی ہیں۔ اسی کام کی وجہ سے سڑک کا ایک حصہ بند کیا گیا ہے۔تاہم، فلائی اوور کی ساخت کو پہنچنے والے نقصان اور اس کی مرمت کے حوالے سے تاحال کوئی حتمی ٹائم لائن نہیں دی گئی۔فلائی اوور کی بندش سے یونیورسٹی روڈ پر ٹریفک کا بدترین ازدحام دیکھا جا رہا ہے، جس سے طلبہ اور دفاتر جانے والے افراد کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔


