ایران کا اسرائیل پر حملہ، مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر پاکستان کی گہری تشویش
شیئر کریں
پاکستان نے 13 اور 14 اپریل کی درمیانی شب ایران کی جانب سے اسرائیل پر حملے کے بعد خطے میں بڑھتی کشیدگی پر مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے ۔اپنے بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کو مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر گہری تشویش ہے ، پاکستان نے کئی ماہ سے غزہ میں جنگ بندی کے لئے بین الاقوامی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ 2 اپریل کو پاکستان نے شام میں ایرانی قونصل خانہ پر حملے کو ایک بڑی کشیدگی کا پیش خیمہ قرار دیا تھا۔دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ پیش رفت سفارت کاری کے ٹوٹنے کے نتائج کو ظاہر کرتی ہے ، یہ صورتوں میں سنگین مضمرات کو بھی واضح کرتے ہیں جہاں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل بین الاقوامی امن اور سلامتی کو برقرار رکھنے کی اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے سے قاصر ہے ۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اب صورتحال کو مستحکم کرنے اور امن کی بحالی کی اشد ضرورت ہے ، ہم تمام فریقین سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ انتہائی تحمل سے کام لیں اور کشیدگی کو کم کرنے کی طرف بڑھیں۔