علی زیدی کی گرفتاری کی مذمت ، سب لندن پلان کا نتیجہ انتخابات میں دیکھیں گے، عمران خان
شیئر کریں
پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین وسابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ لندن پلان کے تحت کراچی سے ہمارے سینئر رہنما علی زیدی کو گرفتار کر لیا گیا جس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں پی ٹی آئی کے چیئر مین کا کہنا تھا کہ لندن پلان کے تحت نواز شریف کو یقین دہانی کروائی گئی تھی کہ پاکستان تحریک انصاف کو کچل دیا جائے گا اسی پلان کے تحت کراچی سے ہمارے ایک اور سینئر رہنما علی زیدی کی گرفتاری کی گئی جس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے 3000سے زائد کارکن یا تو گرفتار کیے گئے یا پھر انہیں اغوء کر لیا گیا۔ اسی پالیسی کے تحت علی امین اور اب علی زیدی کو اغوا کیا گیا۔ مزید کے لیے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ 27رمضان کے بعد یا عید کے بعد زمان پارک میں غیر قانونی پولیس ایکشن ہو سکتا ہے۔عمران خان نے کہا کہ ان کا خیال ہے کہ انتخابات ہونے کی صورت میں یہ ہمیں کمزور کر دے گا۔ واضح طور پر بتانا چاہتا ہوں ان حرکتوں سے ہمارا کوئی نقصان نہیں ہو گا۔ عوام کا غصہ بڑھتا ہی جا رہا ہے، سب لندن پلان کا نتیجہ انتخابات میں دیکھیں گے۔