جمعہ کو دھاندلی کیخلاف دھرنا،مخالف اتحاد زور پکڑ گیا،شٹر ڈائون ہڑتال، تاجر بھی میدان میں آگئے
شیئر کریں
(رپورٹ/ شاہنواز خاصخیلی) انتخابات میں دھاندلی کے خلاف 16 فروری کو سندھ کی سڑکیں بند کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں ، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کا وفد حیدرآباد پہنچ گیا ، کارکنان کو کراچی پہنچنے کی ہدایت جاری ، ایم نائن موٹروے دھرنا تین دن جاری رکھنا کا پلان ، جی یو آئی کمون شہید سے سندھ ، پنجاب بارڈر بند کرے گی ۔ تفصیلات کے مطابق سندھ میں پیپلزپارٹی مخالف سیاسی جماعتوں نے 8 فروری کو ہونے والے انتخابات میں دھاندلیوں کے خلاف 16 فروری کو سندھ کی سڑکیں بند کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے سربراہ پیر پگارا کی جانب سے 16 فروری جمعہ کو حیدرآباد میں دھرنے کے اعلان کے بعد گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کا وفد صفدر عباسی ، کلیم وسان ، بیرسٹر حسینن مرزا ، ڈاکٹر ہاشم خاصخیلی ، وقار جٹ و دیگر حیدرآباد پہنچے اور ایس یو پی رہنماؤں کے ساتھ ایم نائن موٹروے جامشورو پل پر دہرنے کی جگہ کا جائزہ لیا اور انتظامات کو حتمی شکل دی ، ذرائع کے مطابق گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کی جانب سے دھرنا تین دن تک جاری رکھنا بھی حکمت عملی کا حصہ ہے تاہم اس کا حتمی فیصلہ پیر پگارا ہی کریں گے ، ذرائع کے مطابق جی ڈی اے سربراہ نے مریدوں سمیت کارکنان کو دھرنے کے بعد کراچی پہنچنے کے احکامات بھی جاری کردیے ہیں ، رہنماؤں کو لوگوں کی رہائش کے انتظامات کرنے کا حکم بھی جاری کیا گیا ہے ، ذرائع کے مطابق جی ڈی اے کی جانب سے23 فروری کو سندھ اسمبلی کا گھیراؤ کیا جائے گا کیونکہ جی ڈی اے کی قیادت نے پیپلزپارٹی امیدواروں کو حلف لینے سے روکنے کا اعلان کر رکھا ہے، دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام سندھ کی ہزاروں کارکنان جی یو آئی سندھ کے صدر علامہ راشد محمود سومرو کی قیادت میں اباوڑو کے پاس کمون شہید پر دھرنا دے کر سندھ پنجاب روڈ بلاک کریں گے ، جی ڈی اے کی دھرنے کی کال پر مختلف شہروں کی تاجر تنظیموں نے بھی کاروبار بند کرکے شٹربند ہڑتال کا اعلان کردیا ہے ، حیدرآباد میں جی ڈی اے کے دھرنے میں لاکھوں افراد کی آمد متوقع ہے جبکہ مختلف شہروں سے پیدل قافلے بھی حیدرآباد کی جانب رواں دواں ہیں ، جی ڈی اے کے اعلان کے بعد پیپلزپارٹی سندھ سخت پریشانی کا شکار ہے ۔