عمران خان کی حکومت کو ہٹانے کی بنیادی وجہ داخلی تبدیلیاں تھیں،روسی سفیر
شیئر کریں
15فروری 2023ء ) پاکستان میں تعینات روسی سفیر ڈنیلا گانیج کا کہنا ہے کہ عمران خان حکومت کو ہٹانے میں بہت سے عوامل کارفرما تھے۔انہوں نے ایک بیان میں کہا عمران خان کی حکومت کو ہٹانے کی بنیادی وجہ داخلی تبدیلیاں تھیں۔ ڈنیلا گانیج نے کہا کہ امریکا جب کسی سے غیر مطمئن ہوتا ہے تو وہ اس کے لیے مسائل پید اکرتا ہے۔عمران خان کے معاملے میں یہ ایک اہم فیکٹر ضرور تھا مگر کلیدی نہیں۔روسی سفیر ڈنیلا گانیج نے کہا کہ عمران خان کو سنجیدہ نوعیت کے اندرونی مسائل کا سامنا نہ ہوتا تو وہ سازش کے باوجود وزیراعظم رہ سکتے تھے۔ 13 جون 2022ء کو بھی ایک انٹرویو میں روسی سفیر نے کہا تھا کہ دورہ روس عمران خان حکومت کے گرنے کی وجہ بنا۔انہوں نے نجی ٹی وی چینل آج نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا ماسکو میں ہونا اور یوکرین پر حملہ ایک اتفاق ہے۔اگر عمران خان کو پتہ ہوتا تو اس دن کبھی نہ آتے، عمران خان بنیادی طور پر ایک ایماندار آدمی ہے اور وہ اپنے لوگوں کو بہتری چاہتے ہیں۔ روس اور یوکرین جنگ کے حوالے سے روسی سفیر نے بتایا کہ روس کو نیٹو کی تقل وحرکت پر بھی تشویش تھی،ہمارے بارڈر پر نیٹو کی نقل و حرکت یوکرین جنگ کی وجہ تھی۔خیال رہے کہ چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کئی بار یہ دعوے کر چکے ہیں کہ روس کا دورہ کرنے پر امریکا ناراض تھا جس کے بعد امریکی سازش کے تحت ان کی حکومت گرائی گئی۔عمران خان نے دعویٰ کیا کہ ایک سازش کے تحت ان کی حکومت ہٹائی گئی جس میں امریکا کے کہنے پر اسٹیبلشمنٹ اور ان کی دیگر مخالف جماعتوں نے تحریک عدم اعتماد کامیاب بنائی۔عمران خان نے اقتدار سے ہٹائے جانے کے بعد ’امریکی غلامی نامنظور‘ کی مہم بھی چلائی جسے عوام میں خاصی مقبولیت ملی۔ساتھ ہی عمران خان یہ بھی دعوی کرتے ہیں سابق آرمی چیف نے امریکا کو یہ تاثر دیا کہ میں امریکا مخالف ہوں۔