جماعت اسلامی کا بلدیاتی الیکشن مکمل کرائو تحریک کا اعلان
شیئر کریں
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے اعلان کیا ہے کہ جماعت اسلامی ’’بلدیاتی الیکشن مکمل کرائو‘‘ تحریک شروع کر رہی ہے ۔ اتوار 19فروری کو نیو ایم اے جناح روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا ۔ 11ملتوی شدہ نشستوں پر فوری الیکشن کرانے ، تمام نتائج جاری کرنے ، نو منتخب بلدیاتی نمائندوں سے حلف لینے اور انتخابی عمل کو مکمل کرنے کے مطالبات کی منظوری کے لیے ہمارے پاس ٹرین مارچ اور اسلام آباد الیکشن آفس پر دھرنے کا آپشن موجود ہے ۔ چیف الیکشن کمشنر تمام تر دبائو سے آزاد ہو کر اپنی آئینی ذمہ داری پوری کریں ۔ حافظ نعیم الرحمن نے وفاقی حکومت کو متنبہ کیا کہ کے الیکٹرک کو دوبارہ لائسنس دے کر اہل کراچی سے لوٹ مار کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی ۔ اس کے خلاف عدالتوں سے رجوع اور عوامی و سیاسی طور پر بھی بھر پور احتجاج کریں گے ۔ ریڈ لائین بس پروجیکٹ کے ناقص منصوبہ بندی اور حکومت کی نا اہلی نے ٹریفک کے مسائل بڑھا دیئے ہیں ، پی ایس ایل کے میچز کے انعقاد سے بھی مسائل مزید بڑھیں گے ، عدالتی فیصلہ موجود ہے کہ سڑکوں کو بند نہ کیا جائے ،اس لیے حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے متبادل انتظامات کرے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پرجماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر ڈاکٹر اسامہ رضی ، سیکریٹری جنرل منعم ظفر خان ، نائب امراء راجہ عارف سلطان ، انجینئر سلیم اظہر ، سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ، پبلک ایڈ کمیٹی کے جنرل سیکریٹری نجیب ایوبی ،کے الیکٹرک کمپلنٹ سیل کے نگراں عمران شاہد بھی موجودتھے۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ ایک ماہ ہو گیا ہے بلدیاتی انتخابی عمل کو مکمل نہیں کیا جارہا ہے ، قومی اسمبلی کے ضمنی انتخابات کے شیڈول کا تو اعلان کر دیا گیا ہے جن کا فی الوقت ملک اور قوم کو کوئی فائدہ نہیں لیکن بلدیاتی انتخابات جن سے کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کے مسائل کا تعلق ہے اسے تعطل کا شکار کر دیا گیا ہے ۔