دشمن سندھی بھائیوں کو ورغلاتاہے ،وزیراعظم
شیئر کریں
وفاق کاکالاباغ ڈیم بنانے کاعندیہ
وزیراعظم عمران خان نے مسلم لیگ (ق) پر بھرپور اعتماد کااظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی وفد کے ہمراہ گجرات کے چوہدری خاندان سے ملاقات پر کہا ہے کہ جو لوگ گھبرائے ہوئے ہیں انہیں چوہدری صاحب کی صحت کا خیال آگیا ہے، بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر ہمیں آبی ذخائر بڑھانے کی ضرورت ہے جس کے لیے کالا باغ ڈیم ایک بہترین منصوبہ ہے ،اس کی تعمیر کیلئے سندھ کو اعتماد میں لینا ہوگا اور کالا باغ ڈیم کی تعمیر کیلئے ہمیں ایک مہم چلانی ہوگی ،چین 5 ہزار بڑے ڈیم بنا چکا ہے اور ہمارے پاس صرف 1960 میں بنائے گئے صرف دو ڈیم موجود ہیں،ہمیں آگے جاکر زیادہ کاشت کاری کرنی ہوگی ، اگر ذخائر نہیں ہوں گے تو ہم کاشت کاری کیسے کریں گے؟10 سال میں تعمیر ہونے والے ڈیم سے پانی کی کمی کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔پاکستان میں ہائیڈرو پاور ڈیویلپمنٹ کے حوالے سے بین الاقوامی سیمپوزیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے مونس الٰہی کے اس بیان پر کہ تحریک انصاف کو سیاسی ملاقاتوں سے گھبرانا نہیں چاہیے، پرکہا کہ ان کی صحت کا اچانک یاد آنا، یہ وہ گھبرائے ہوئے لوگ ہیں جو اپنے ورکرز اور اراکین اسمبلی کی 20، 20 سال پرانی فوتگی پر تعزیت کے لیے جارہے ہیں۔مونس الٰہی کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں آپ پر اور اپنے کے خاندان پر پورا اعتماد ہے، شاید ہی پاکستان میں کسی پاس وہ سیاسی صلاحیت ہو جو چوہدری صاحب کے پاس ہے۔انہوںنے کہاکہ میں نے تحریک انصاف کی بھرپور ٹریننگ کروائی ہوئی ہے اور ایسا ایسا مشکل وقت دیکھا ہے کہ وہ سخت جان ہوگئے ہیں۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر ہمیں آبی ذخائر بڑھانے کی ضرورت ہے جس کے لیے کالا باغ ڈیم ایک بہترین منصوبہ ہے لیکن اس کی تعمیر کے لیے سندھ کو اعتماد میں لینا ہوگا۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ چین 5 ہزار بڑے ڈیم بنا چکا ہے اور ہمارے پاس صرف 1960 میں بنائے گئے صرف دو ڈیم موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس کوتاہی کی وجہ سے ہمارے ملک کو کتنا بڑا نقصان ہوا ہے، جب برآمد شدہ فیول پر بجلی بنائی جاتی ہے تو بین الاقوامی سطح پر فیول کی قیمت میں اضافے پر پاکستان میں بھی بجلی کی قیمت بڑھ جاتی ہے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان میں جتنی ہائیڈرو انرجی کی صلاحیت ہے اگر اس سے بجلی بنائی جاتی تو پاکستان کو اس مہنگائی کا سامنا نہیں کرنا پڑتا کیونکہ جب بجلی مہنگی ہوتی ہے تو تمام چیزیں مہنگی ہوجاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تیل مہنگا ہونے کی وجہ سے بجلی مہنگی ہوجاتی ہے، کیونکہ یہاں بجلی تیل سے بنتی ہے۔