پی ٹی آئی حکومت نے وعدے پورے نہیں کیے، پیرپگاڑا
شیئر کریں
مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیرپگارا نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے جو وعدے کیے وہ پورے نہیں کیے۔پیر کو کراچی میں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کنگری ہاؤس میں پیرپگارا سے ملاقات کی۔ پیرپگارا نے گورنر سندھ کے سامنے جی ڈی اے کے خدشات کا اظہار کیا۔پیرپگارا نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے جو وعدے کیے وہ پورے نہیں کیے، جہانگیر ترین کے ساتھ بھی آپ آئے تھے وعدے پورے نہیں کیے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت تو پیپلزپارٹی کی ہے وفاق میں تو آپکی حکومت ہے، بجلی اور گیس کے محکمے تو وفاقی ہیں وہ کیوں نہیں سنتے۔گورنر سندھ نے کہا کہ معاشی حالات خراب تھے اب کچھ بہتر ہوئے ہیں، وعدے پورے کریں گے، وزیراعظم کی طرف سے ساتھ دینے،صبرکرنے پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔پیر پگارا کا کہنا تھا کہ ہمارے لوگوں کو جھوٹے مقدمات کا سامناہے، سندھ میں کرپشن،اقربا پروری عروج پر ہے، احتساب کہاں گیا،سندھ میں پیپلزپارٹی کے کرپٹ ٹولے کا کڑا احتساب چاہتے ہیں۔گورنر سندھ عمران اسمعیل نے کہا ہے کہ سندھ ایک ایسا صوبہ ہے جہاں کوئی تقسیم قبول نہیں ہے اور نہ ہی اس کی تقسیم ہمارے منشور میں شامل ہے۔منگل کو کراچی میں گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ساتھ ہیں اور مضبوطی سے کھڑے ہیں۔گورنر سندھ نے کہا کہ سندھ کی گیس کے جائز حق کے لیے صوبے کے عوام کے ساتھ کھڑا ہوں۔