پی ٹی آئی کا کرپشن کیسز میں بریت کے فیصلوں کو چیلنج کرنے کا اعلان
شیئر کریں
پاکستان تحریک انصاف نے کرپشن کیسز میں بریت کے فیصلوں کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوانین بدل کر چوری کو قانونی تحفظ دیا گیا ، یہ صرف اپنے کرپشن کے مقدمات معاف کروانے آئے ہیں ، اتنے ہی صادق او ر امین ہیں تو الیکشن کروائیں ،عوام کتنی پذیرائی دیتی ہے پتہ چل جائے گا ، سلیمان شہباز کے اکائونٹ سے 16ارب روپے نکلے، انہیں کرپشن کی بات کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے، آپ کو اصل ٹھکانے تک پہنچائے بغیر ہم آرام سے نہیں بیٹھیں گے، شریف فیملی نے ٹھیکیداری سسٹم میں کرپشن سے پیسہ بنایا، ٹھیکیداری کا شعبہ کرپشن انڈیکس میں انکی کرپشن کی وجہ سے دوسرے نمبر پر ہے۔ان خیالات کا اظہار ترجمان وزیر اعلیٰ و پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ ،صوبائی مشیربرائے انسداد بدعنوانی بریگیڈیئر (ر) مصدق عباسی،سینئر رہنما پاکستان تحریک انصاف شفقت محمود اور حماد اظہر نے ڈی جی پی آر آفس میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ ایون فیلڈ فلیٹس بیچ کر جہاں مرضی پناہ لے لو لوگ آپ کا محاسبہ کریں گے۔ لوٹی ہوئی دولت سے آپ کو لطف اندوز نہیں ہونے دیں گے۔ جتنا مرضی بھاگ لو، عوام نے آپ کی سزا متعین کی ہے۔ انہوں نے کہا یہ لوگ آئندہ الیکشن میں ٹکٹیں اپنے خاندانوں میں ہی بانٹیں گے۔ آپ کے ٹکٹ پر کوئی الیکشن لڑنے کو تیار نہیں ہو گا۔ الیکشن جب بھی ہو گا عوام آپ کی اوقات بتائے گی۔ رہنما تحریک انصاف و سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ شہباز شریف اور انکے بیٹوں کے خلاف مقدمات کے تحقیقاتی آفیسرز اور گواہان کو پر اسرار طریقے سے قتل کر دیا گیا۔ سازش کے تحت انکو این آر او ٹو دیا گیا اور عوام میں مقبول ترین جماعت کو سائڈ لائن کیا گیا۔ پھر قوانین بدل کر چوری کو قانونی تحفظ دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ چوری کو کہا گیا کہ یہ چوری ہی نہیں رہی، یہ شخص جو عمران خان کے اوپر جس طرح کے جملے کس رہا ہے، یہ حکومتی ایوانوں میں کک بیکس اسپیشلسٹ مشہور ہے، تمہاری کیا اوقات جو تم عمران خان سے مخاطب ہو، سکول میں جاتے بچے کو بھی ان دونوں خاندانوں کی اصلیت کے بارے میں پتہ ہے۔انہوں نے کہا کہ آج تک کوئی جواب نہیں آیا کہ ان کے ملازموں کے اکاؤنٹ میں اربوں روپے کہاں سے آئے۔ سلمان شہباز ان ممالک میں کیا کرنے جاتا تھا جنہوں نے پاکستان میں پاور پلانٹ لگائے۔ پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر نے مزید کہا کہ قوم کے ساتھ مذاق ہو رہا ہے ، قوانین تبدیل کیے جا رہے ہیں،قانون بدل کر چوری کو لیگل کور دیتے ہیں اور پھر کہتے ہیں کہ ہم باعزت بری ہو گئے ، کرپشن کیسز میں بریت کو سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے ۔ یہ صرف کرپشن کے مقدمات معاف کروانے آئے ہیں ،اتنے ہی صادق اور امین ہیں تو آئیں الیکشن کروائیں ۔الیکشن کا نام لو تو ان کی کانپیں ٹانگ جاتی ہیں، ایک سائیکل چوری کرنے والے کو پولیس الٹا لٹکا دیتی ہے، حکومت کے ایوانوں میں کک بیکس اسپیشلسٹ کے نام سے مشہور شخص کو ہار پہنائے جاتے ہیں، تمہیں تو فیٹف میں جا کر لیکچر دینا چاہیے کہ منی لانڈرنگ ہوتی کیسے ہے۔