موتی مسجد پر بنوریہ کا قبضہ برقرار ، مفتی نعمان کا نیا جھوٹ
شیئر کریں
(نمائندہ جرأت) بنوریہ قبضہ گروپ کے سرپرست اعلیٰ مفتی نعمان نے اپنے والد کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے ہر حرام کو اپنے اوپر حلال کرلیا ہے۔ جھوٹ اور دروغ گوئی کی وعیدیں اپنے ماننے والوں کو سناتے ہیں اور صداقت شعاری کی تعلیم و تلقین صرف وعظوں کے لیے رکھی ہیں۔ عملی زندگی کو خاتم النبین حضرت محمدﷺ کی تعلیمات سے آراستہ کرنے اور رکھنے کی کوئی ذمہ داری اس خاندان نے اپنے اوپر محسوس نہیں کی۔ چنانچہ روزنامہ جرأت میں خبروں کی اشاعت کے بعد اگر یہ اپنے اندر کوئی منصبی ذمہ داریوں کا معمولی احساس بھی رکھتے تو خود کو اصلاح کی طرف مائل کرتے ۔ مگر بنوریہ قبضہ گروپ نے جھوٹی وضاحت جاری کی۔ مفتی نعمان نے اپنے جھوٹے وضاحتی سلسلے میں ایک سطری وضاحت یہ بھی کی ہے کہ روز نامہ جرأت نے’’ جامع مسجد موتی کلفٹن پر قبضہ کا الزام لگایا، یہ بھی الزام اور بددیانتی پر مبنی ہے‘‘۔غیر متاثر کن الفاظ میں جاری یہ وضاحت بھی بنوریہ قبضہ گروپ کی دروغ گوئیوں پر مہر تصدیق ثبت کرتی ہے۔ کیونکہ مفتی نعمان جب اس وضاحت پر دستخط کررہے تھے تو اس وقت بھی اس مسجدسے اصل امام اور اصل انتظامیہ بنوریہ قبضہ گروپ کے ہاتھوں بے دخل تھی۔ موتی مسجد میں بنوریہ قبضہ گروپ ابھی تک قابض ہے جس کے باعث اہل محلہ میں اضطراب پایا جاتا ہے۔ اور نمازی موجودہ صورتِ حال سے مطمئن نہیں مگر بنوریہ قبضہ گروپ آنکھوں میں دھول جھونکتے ہوئے مُصر ہے کہ ان معاملات سے ہمارا کوئی تعلق نہیں۔ بنوریہ قبضہ گروپ کے اس معاملے میں مداخلت کے ثبوت عدالت میں پیش کیے جائیں گے۔