میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
صدراردوان اورترکی میں احیائے اسلام

صدراردوان اورترکی میں احیائے اسلام

منتظم
پیر, ۱۴ نومبر ۲۰۱۶

شیئر کریں

محمد قاسم حمدان
سلطنت عثمانیہ اپنے عروج پر ایشیا، یورپ اور افریقہ کے وسیع علاقوں تک پھیلی ہوئی تھی ۔یورپ کے کچھ ممالک یا تو اس کا حصہ تھے یا باجگزار ۔ لیکن مسلمانوں کی ریشہ دوانیوں کے سبب سلطنت کا شیرازہ بکھرا تو اس کی کوکھ سے تین درجن ملکوں نے جنم لیا۔ مغربی استعمار سے خون ریز جنگ کے بعد بظاہر ترکی کا دفاع کرنے والے اتاترک نے خلافت اور اسلام کی بجائے مغربی طرز زندگی اختیار کرنے کی شرط پر جدید ترکی کی بنیاد ڈالی۔ترک قوم کا رشتہ اپنے شاندار ماضی سے کاٹ کر مغرب سے جوڑنے کی کوشش کی گئی ۔عربی کی بجائے ترکی میں اذان ،عربی رسم الخط کی جگہ رومن مسلط کیا گیا‘حج پر پابندی لگا دی ‘ مسلمانوں کے نام بگاڑ دیے، یہ سب اقدامات ترکی کو مغرب کا مقلد بنانے کے لیے کیے گئے ۔اتاترک کے سیکولر ترکی میں مسلح افواج کو روایتی طور پر ایک مضبوط سیاسی قوت اور اتاترک کی جمہوریہ کے محافظ کے طور پر پیش کیا جاتا رہا ۔اس تناظر میں فوج نے اپنے تئیں خود کا نصب العین جمہوریت، سیکولرزم اور اتاترک کی اصلاحات کی حفاظت بنا لیا۔ ترکی کی تاریخ میں1997،1960,1980میں ہونے والی فوجی بغاوتیں اسی زمرے میں آتی ہیں۔1960 ءمیں عدنان میندریس نے ترک قوم کا رشتہ اسلام سے جوڑنے کی کوشش کی تو انہیں تخت سے اٹھا کر تختہ دار پر لٹکا دیا گیا ۔12ستمبر 1980 ءکے فوجی انقلاب کے بعد ساڑھے چھ لاکھ افراد کو گرفتار کیا گیا اور سینکڑوں افراد کو فورا پھانسی کے پھندے پر چڑھا دیا گیا۔ 1960ءمیں عدنان میندریس کو سزائے موت دیکر جمال گرسل اور ترکی کے اسلام دشمن عناصر نے یہ سمجھ لیا کہ انہوں نے ترکی میں اسلام کا احیا کرنے والوں کو ہمیشہ کے لیے دفن کردیا ہے لیکن گھٹن اور مایوسی کی فضا اس وقت چھٹ گئی جب نجم الدین اربکان ترکی کے آسمان پر روشن ستارہ بن کر چمکے ۔اربکان پر جب تا حیات پابندی لگا دی گئی تو ان کے تربیت یافتہ رجب طیب اردوان نے قوم کی کشتی کے پتوار سنبھال لیے۔رجب طیب اردوان دوران طالب علمی سیاست میں حصہ لینے کی غرض سے قومی طلبہ یونین سے وابستہ ہو گئے ۔یہ اشتراک مخالف ایک ایکشن گروپ تھا۔ اس گروپ میں رہتے ہوئے اردوان نے ایک ڈرامہ لکھا ۔اس ڈرامہ کے ذریعے انہوں نے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ یہودیت ،فری میسنری اور اشتراکیت سے انسانیت کوشدید خطرہ ہے ۔اردوان نے رفاہ پارٹی کے ٹکٹ پر میئر کا الیکشن لڑا تو کامیابی نے ان کے قدم چومے اور ان کی مقبولیت کا گراف مسلسل بڑھتا گیا بحیثیت مئیر انہوں نے نہ صرف استنبول کو دلہن کی طرح سجا دیا بلکہ اس میں چار ارب ڈالر کے ترقیاتی کام بھی کروائے ۔
اردوان نے اپنے چند ساتھوں کے سا تھ مل کر جسٹس اینڈ ڈیویلپمنٹ (A K Pیا آق)پارٹی کی بنیاد رکھی جس نے 2007 میں 50%ووٹ لیکر تاریخ ساز کامیابی حاصل کی ۔7جون 2015 میں ہونے والے انتخابات میں اسے 41%ووٹ اور 258نشستیں ملیں۔ آق نے اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر حکومت بنا نے کی کوشش کی مگر اسے ناکامی ہوئی ۔دوسری طرف اگر اپوزیشن چاہتی تو مضبوط اتحاد بنا کر اقتدار سے اردوان کو بے دخل کر سکتی تھی لیکن ان کے نظریات میں آگ اور پانی کا فرق ہونے پر بیل منڈھے نہ چڑھ سکی ۔چنانچہ رجب طیب نے عوام میں جانے کا فیصلہ کیا اور یکم نومبر کونئے الیکشن کا اعلان کیا۔تجزیوں اور سروے رپورٹس میں جسٹس اینڈ ڈیویلپمنٹ کو 41%اور حد 45%کے سا تھ کولیشن کی صورت میں اپوزیشن جماعتوں کے سامنے گھٹنے ٹیکتے دکھایا گیا لیکن تمام جائزوں اور رپورٹس کے برعکس آق نے سب کو عاق کردیا۔ اردوان کی جماعت نے 49.5% ووٹ لے کر دشمنوں کے مذموم عزائم پر پانی پھیر دیا ۔ اردوان نے دوسرے لیڈروں کی طرح قوم سے وعدے کرنے کی بجائے کہا کہ ہمارا ماضی ہی ہمارے مستقبل کی عکاسی کرتا ہے ۔اردوان نے 2002ءمیں جب اقتدار کی دہلیز پر قدم رکھا تو ترکی آئی ایم ایف کا اربوں ڈالر کا مقروض تھا۔ اردوان نے قرضے اتارنے کے بعد اعلان کیا کہ I M F اب ترکی سے قرضے لے سکتا ہے ۔ان کے دور میں قومی آمدنی میں 64%اور شخصی آمدنی میں 43%اضافہ ہوا۔افراط زر کی شرح 67%سے کم ہو کر 8 فیصد تک رہ گئی۔ قومی ذخائر بمشکل 25بلین ڈالر تھے، اردوان کی محنت اور جہد مسلسل سے 135 بلین ڈالر تک جا پہنچے ۔ایک ڈالر کے 222لیرے (ترک کرنسی )تھے اب ڈالر کی قیمت تین لیرے سے بھی کم ہے ۔ترکی دنیا کی سترہویں بڑی معیشت ہے۔ اردوان کے دور میں یونیورسٹیزکی تعداد 98 سے بڑھ کر 186ہو گئی۔ 2007ءتک مزید چھ ہزار کلو میٹر ڈبل لین شاہراہ کی تعمیر ہوئی ۔اسی طرح 2011ءمیںایک ہزار کلو میٹر نئی ریلوے لائن کے ساتھ پانچ سو کلو میٹر پرانے ٹریک کی تجدید کاری کی گئی۔ ہائی سپیڈ ٹرین سروس کا آغاز ہوا۔زیر سمندر ریلوے نظام کے بڑے منصوبے کی تکمیل ہوئی ۔
ترکی میں اسلام کی نشاة ثانیہ اور اردوان کی بدولت ترکی کی برق رفتار ترقی کو دیکھ کر مغرب نے اردوان کی کردار کشی کی مہم شروع کررکھی ہے۔فوجی بغاوت اس کا تسلسل تھا۔ان کے اسکینڈل بنائے گئے۔ انڈیپینڈنٹ، اکانومسٹ اور سی این این نے ان کے خلاف محاذ کھول لیا ۔اکانومسٹ نے جون کے انتخابات کی مہم میں اپنے شمارے کے ٹائٹل پر اردوان کی پورے صفحے کی تصویر لگا کر یہ سرخی جمائی۔ democrat or sultan?.اکانومسٹ نے ترک عوام سے مخاطب ہو کر تمام صحافتی تقاضوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے واشگاف الفاظ میں لکھا کہ اتاترک کی سیکولر نظریات کی محافظ جماعت کو ووٹ دیں تاکہ آق کا حساب بے باک کیا جا سکے۔ دوغان اور گولن میڈیا گروپ نے اپنی پوری طاقت اردوان کو محور شر ثابت کرنے پر لگا دی ۔آق میں پھوٹ ڈالنے کی کوشش کی گئی۔ 7جون 2015ءکو جب اردوان کی پارٹی حکومت بنانے میں ناکام ہوئی تو مغرب نے جشن منانا شروع کر دیا کہ ترکی میں اسلام پسندوں کے زوال کا آغاز ہو گیا ۔لیکن آسمان والے نے ان کی تمام تدبیریں ناکام کر دیں۔ آق نے امریکی انتخابات کی طرح تمام اندازے ،تجزئیے اور میڈیا پیش گوئیوں کے برعکس دنیا کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا ۔یہ کامیابی انہیں فقط اسلام کے ترکی میں احیا کی وجہ سے نصیب ہوئی بلکہ اس سے بڑھ کر ترکی کی تاریخ میں پہلی دفعہ فوجی بغاوت ناکام ہوئی ۔اسلام کے احیاءکے روح پرور مناظر کی جھلک گزشتہ رمضان میں ایا صوفیہ میں دیکھنے میں آئی جہاں مسلسل قرآن کی تلاوت ہوتی رہی۔ حال ہی میں ایاصوفیہ کوسترسال پابند سلاسل رہنے کے بعد عبادت کے لیے کھول دیا گیا جوکہ اسلام کی فتح اور اتاترک کے سیکولر زم کی شکست ہے اوراردوان کی اسلام سے محبت کا عملی ثبوت بھی ہے۔ اردوان نے کہا تھا کہ مسجدیں ہمارے قلعے اور مینا ر ہمارے نیزے ہیں ۔جب اتاترک نے ایا صوفیہ کو بند کردیا تو مفکر اسلام علامہ اقبال نے کہا تھا
لادینی ولاطینی کس پیچ میں الجھا تو
دارو ہے ضعیفوں کا لا غالب الا ھو
آج ایاصوفیہ سے تکبیر کی صداو¿ں میں ”لا غالب اِلا ھُو“ سے اقبال کی پیشگوئی سچ ثابت ہو رہی ہے۔ مغرب کے اسلام دشمن عناصر نے اس پیش قدمی کو رینگتا ہوا اسلام Creeping aslam قرار دیا ہے۔
ایا صوفیہ استنبول کے ماتھے کا جھومر ہے ‘استنبول کو667ق م اس کے بانی ”بائزاس“ کے نام پر بازنطین کا نام دیا گیا ۔11مئی 330کوقسطنطین اعظم کے نام پر اسے قسطنطنیہ کا نام دیا ۔363 میں تھیوڈوس نے شہر کو 60 فٹ بلند تین فصیلوں میں بند کردیا ۔ مسلمانوں نے 674 اور 717 میں قسطنطنیہ کو فتح کرنے کے لیے یلغار کی مگر ناکام رہے۔ حضرت ابو ایوب انصاریؓ اسی فصیل کے نیچے زخمی ہو کر شہید ہوئے ۔یہ شہر یورپ اور ایشیا کے سنگم پر شاخ زریں اور بحر مرمرہ پر واقع ہے، اسے شہروں کی ملکہ بھی کہا جاتا ہے ۔حضورنے اس شہر کے بارے میں فرمایا تھا کہ” قسطنطنیہ کو فتح کرنے والے سب جنتی ہوں گے“ ۔اقبال نے بھی اسے مسلمانوں کا دل کہا تھا :
اے مسلماں ! ملت اسلام کا دل ہے یہ شہر
سینکڑوں صدیوں کی کشت وخوں کا حاصل یہ شہر
29 مئی1453ئکو سلطان محمد الفاتح نے اس شہر کو فتح کرکے اس کا نام ”اسلام بول“ رکھ کر اسے اسلام کا دل بنا دیا۔ آج بھی ترکی کا پیینو راما میوزیم لاکھوں سیاحوں کی دلچسپی کا محور رہتا ہے جہاں سلطان فاتح کی فوج کی قسطنطنیہ کو فتح کرنے کی منظر کشی کی گئی ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں