ارطغرل غازی کے پروڈیوسر کا ایک اور تاریخی سیریز جلد نشر کرنے کا اعلان
شیئر کریں
شہرہ آفاق ترکش سیریز ارطغرل غازی کی مقبولیت کے بعد پروڈیوسر مہمت بوزداگ کی جانب سے ایک اور تاریخی سیریز جلد نشر کرنے کا اعلان کیا گیا ہے ۔ارطغرل غازی کے پروڈیوسر اور اسکرین رائٹر مہمت بوزداگ نے حال ہی میں اعلان کیا ہے کہ وہ ایک اور تاریخی سیریز پر کام کر رہے ہیں جس کی عکس بندی تقریباً مکمل ہوچکی ہے اور یہ جنوری 2021 میں ترکی میں نشر کی جائے گی۔مہمت بوزداگ کی تاریخ پر مبنی نئی سیریز خوارزمین سلطنت کے حکمران جلال الدین خوارزمشاہ کی زندگی پر مبنی ہوگی جنہوں نے منگول حملے کے خلاف ایک جدوجہد کا آغاز کیا تھا۔ارطغرل غازی کے پروڈیوسر مہمت بوزداگ نے اپنی نئی سیریز کے حوالے سے کہا کہ یہ دنیا بھر میں ایک نمایاں اثر پیدا کرے گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ ہم نے اس پروجیکٹ پر کام 2 سال قبل ازبکستان حکومت کی جانب سے سیریز کے لیے دی گئی درخواست کی منظوری کے بعد شروع کیا تھا۔خیال رہے کہ ترکش سیریز ارطغرل غازی کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں بے حد پزیرائی ملی ہے ۔ارطغرل غازی میں مرکزی کردار ادا کرنے والے ارطغرل کی بہادری، مضبوط ایمان، حوصلہ، سب لوگوں کی مخالفت کے باوجود اپنے مقصد پر کھڑے رہنا جیسی خوبیوں نے پاکستانیوں کو اپنا گرویدہ بنایا ہوا ہے ۔