مریم نواز کی درخواست ضمانت پر سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی
شیئر کریں
منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کی درخواست ضمانت پر سماعت بینچ کے سربراہ کی عدم دستیابی کے باعث غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی گئی ۔کیس کی سماعت جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کرنی تھی۔ بینچ کے سربراہ کی عدم دستیابی کے باعث کاز لسٹ منسوخ کردی گئی۔ن لیگی رہنما کی جانب دائر درخواست میں چیئرمین نیب، ڈی جی نیب اور تفتیشی افسر کو فریق بنایا گیا ۔درخواست میں کہا گیا کہ مریم نواز ملک کے تین بار منتخب ہونے والے وزیراعظم کی بیٹی ہے جنہوں نے ملکی ترقی کیلئے بہت اقدامات کیے ۔عدالت عالیہ میں دائر درخوست کے متن میں درج ہے کہ ملزمہ کا خاندان سیاسی تاریخ کا حامل ہے جسے منی لانڈرنگ کا بے بنیاد کیس بنا کر سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔درخواست گزار نے موقف اپنایا ہے کہ نیب کے قانون کا غلط استعمال کر کے ن لیگی رہنما کو منی لانڈرنگ کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔مریم نواز کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیاکہ انہوں نے پانامہ لیکس کیس میں تمام جائیدادیں اور اثاثے ظاہر کر رکھے ہیں۔عدالت سے استدعا کی گئی کہ ضمانت پر رہائی کی درخواست کے حتمی فیصلے تک عبوری ضمانت پر رہا کیا جائے اور چودھری شوگر ملز ریفرنس منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت منظور کی جائے ۔