کراچی ، لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاجی مظاہروں کاسلسلہ تیز مختلف علاقوں کے عوام سڑکوں پرآگئے
شیئر کریں
صفورا اور قائد آباد میں بجلی کی عدم فراہمی پر مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے ٹریفک معطل کر دیا ، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا
کے الیکٹرک نے سکھ اورچین چھین لیاہے ،دن کی لوڈشیڈنگ توبرداشت ہوجاتی ہے ،رات میں بجلی کی بندش عذاب ہے ،مظاہرین
کراچی(اسٹاف رپورٹر) شہر میں کے الیکٹرک کی جانب سے دن اور رات کے اوقات میں اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہروں میں شدت آگئی ہے۔ صفورا اور قائد آباد میں بجلی کی عدم فراہمی پر مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے ٹریفک معطل کر دیا جس کے باعث شہریوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔مظاہرین نے کہا کہ شہر میں اگر کوئی کام پابندی اور ایمانداری سے کیا جا رہا ہے تو وہ کے الیکٹرک کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ہے، کے الیکٹرک نے دن اور رات کا سکھ اور چین چھین لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دن کی لوڈشیڈنگ کسی نہ کسی صورت برداشت ہو جاتی ہے رات کی جانے لوڈشیڈنگ نے عاجز کر دیا ہے اور مجال ہے کہ ہمارے حکمرانوں اور نیپرا کے حکام کو ہوش آجائے۔مظاہرین نے کہاکہ اگر ریکارڈ چیک کیا جائے تو مئی کے مہینے سے شہر میں بدترین لوڈشیڈنگ کا جو سلسلہ شروع ہوا تھا وہ تاحال جاری ہے جبکہ ان مہینوں کے آنے والے بجلی کے بلوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز بھی لگ کر آ رہے ہیں۔دریں اثنا قائد آباد قذافی پل منزل پمپ کی جانب علاقہ مکینوں نے بجلی اور پانی کی عدم فراہمی پر احتجاج کرتے ہوئے سڑک کے دونوں ٹریک بند کر دیئے جس کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہونے سے گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں اور بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔