پہلی مرتبہ پاکستان میں ایسا الیکشن کرائیں گے جس کے نتائج سب قبول کریں گے، وزیراعظم
شیئر کریں
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے ان کی حکومت پہلی مرتبہ پاکستان میں ایسے انتخابات کروائے گی جس کے نتائج سب قبول کرلیں گے، جیسے ہی الیکٹرانک ووٹنگ مشینز آجائیں گی اس کے ساتھ نادرا کا ڈیٹا ٹیلی کر کے ہم بالکل اکیسیوں صدی کا الیکشن کروائیں گے۔نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) ہیڈکوراٹرز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ ملک میں 33 لاکھ افغان پناہ گزین موجود ہیں لیکن ان کے علاوہ بھی بہت سے ایسے لوگ ہیں جو غیر رجسٹرڈ ہیں۔انہوںنے کہاکہ جن کے پاس کوئی شناخت نہ ہو وہ نان سیٹیزن بن جاتے ہیں، نادر جو ایلین رجسٹریشن کارڈز جاری کررہا ہے اس کی وجہ سے وہ مرکزی دھارے میں آجائیں گے۔انہوںنے کہاکہ اس کارڈ کی مدد سے وہ کاروبار کرسکیں گے، بینکوں میں پیسے رکھواسکیں گے اور معیشت کا حصہ بن جائیں گے اور غیر قانونی کاموں سے بچیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ جو فراڈ معاشرے میں اور انتخابات میں ہوتا ہے اس سب کا حل ٹیکنالوجی ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈیٹا اور ٹیکنالوجی دونوں کیا ستعمال سے ہم پہلی مرتبہ پاکستان میں ایسا الیکشن کروائیں گے جس کے نتائج سب قبول کرلیں۔انہوں نے کہا کہ اس کی وجہ یہ ہوگی کہ ٹیکنالوجی کو ڈیٹا سے منسلک کردیں گے اور ٹھپے لگانا، بیلٹ باکس بھرنا، ایک ایک گھر سے 100، 100 جعلی ووٹس رجسٹرڈ کرانے جیسے تمام کام ختم ہوجائیں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ جیسے ہی الیکٹرانک ووٹنگ مشینز آجائیں گی اس کے ساتھ نادرا کا ڈیٹا ٹیلی کر کے ہم بالکل اکیسیوں صدی کا الیکشن کروائیں گے۔