میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
یوم آزادی پر صدر مملکت اور وزیر اعظم کے پیغامات

یوم آزادی پر صدر مملکت اور وزیر اعظم کے پیغامات

ویب ڈیسک
بدھ, ۱۴ اگست ۲۰۱۹

شیئر کریں

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے یوم آزادی کے موقع پر قوم کے نام جاری پیغام میں اپیل کی ہے کہ وہ ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے اتحاد اور ہم آہنگی کا مظاہرہ کریں۔ صدر مملکت نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایک نئے عزم کے ساتھ پاکستان کو ترقی یافتہ بنانے کے عہد کی تجدید کرنا ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ اس قوم کے بیٹوں نے اپنی جانیں مادر وطن کے لیے نچھاور کیں تاکہ ملک کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے ۔بھارت کے زیر تسلط مقبوضہ جموں اور کشمیر کے حوالے سے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور کشمیری ہمارے اور ہم کشمیریوں کے ہیں، ان کا دکھ ہمارا دکھ ہے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی آنکھوں سے بہنے والے آنسو ہمارے دل میں گرتے ہیں جبکہ بھارتی اقدام اقوام متحدہ کی قراردادوں اور شملہ معاہدے کی خلاف ورزی ہے ۔صدر مملکت نے مزید کہا کہ بھارت جان لے کہ آزادی کی تحریک کو اوچھے ہتھکنڈوں سے دبایا نہیں جا سکتا۔وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان عمران خان نے یوم آزادی 2019 کے موقع پرقوم کے نام پیغا م میں اندرون و بیرون ملک بسنے والے تمام پاکستانیوں کو دلی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہاکہ 14اگست ہماری ملی تاریخ کا وہ سنہرا دن ہے جو ہمیں ان لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو ہمارے آبا اجداد نے اپنی مذہبی، ثقافتی اور سماجی اقدار کے تحفظ کے لیے پیش کیں۔ یہ دن ہمیں ان مقاصد کی بھی یاد دلاتا ہے جن کے حصول کے لیے ایک آزاد خود مختار مسلم ریاست کا قیام عمل میں آیا۔یوم آزادی ہمیں پاکستان کو اقوام عالم میں با وقار ریاست بنانے کا جذبہ و امنگ دیتا ہے ۔ ہمارے عظیم قائد محمد علی جناح کے پیش نظر ایک ایسے ترقی پسند پاکستان کا تصور تھا جہاں اسلام کے سنہری اصولوں کے مطابق زندگی بسر کی جا سکے ، جہاں قانون کی حکمرانی، جمہوری اصولوں کی بالا دستی اور ریاست و عوام کے درمیان احساس کا مضبوط بندھن ہو۔ اسی فلاحی اسلامی ریاست کے حصول میں ہمارے لیے قابل تقلید نمونہ ریاستِ مدینہ ہے ۔اللہ تعالی نے پاکستان کوبے پناہ نعمتوں اور وسائل سے نوازا ہے ۔ آج ہمارے سامنے ایک روشن مستقبل ہے ۔ قائد اعظم کے اتحاد، ایمان اور تنظیم کے رہنما اصولوں کو مشعل راہ بنا کر ملک کو درپیش ہر چیلنج اور مشکلات پر قابو پایا جاسکتا ہے ۔ آئیں!آج کے دن ہم سب مل کر اس عزم کا اعادہ کریں کہ پاکستان کو ترقی یافتہ اور خوشحال مملکت بنانے کے لیے اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے ۔ یوم آزادی کے اس پر مسرت موقع پر میں وطن عزیز کے ان دلیر سپوتوں کو بھی خراج عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے بے شمار قربانیوں اور اپنے لہو کا نذرانہ دے کر ملک کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کی اور ملکی سا لمیت و خود مختاری کا علم بلند رکھا ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ یوم آزادی انتہائی خوشی کا موقع ہے ، مگر آج کے دن ہم مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنے کشمیری بھائیوں کی حالت زار پر افسردہ ہیں جو بھارتی ظلم و جبر اور ریاستی دہشت گردی کا شکار ہیں۔مقبوضہ جموں وکشمیر کے معصوم اور نہتے عوام پر بھارت کے سنگین مظالم نے بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں بکھیر دی ہیں،انسانیت کی تذلیل کی تمام حدوں کو پار کرلیاہے اور خطے کا امن خطرے میں ڈال دیاہے ۔میں اپنے کشمیری بھائیوں کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پاکستان مقبوضہ جموں وکشمیر کے بہادر عوام کی حق خود ارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہد کی سیاسی،اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔مقبوضہ جموں وکشمیر میں حالیہ بھارتی اقدامات سے ہمارے آبا اجداد کے دو قومی نظریے کو مزید تقویت ملی ہے ۔ اللہ تعالی وطن عزیز کو ریاستِ مدینہ کی طرز پر ڈھالنے ، قائد اعظم اور علامہ اقبال کے تصور کو حقیقت میں بدلنے اور اقوام عالم میں ملک و قوم کو اس کا صحیح مقام دلانے میں ہمارا حامی و ناصر ہو۔علاوہ ازیں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے بھی یوم آزادی پر قوم کو مبارکباد دی اور کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی حمایت کا اعلان کیا۔اسپیکر اسد قیصر کا کہنا تھا کہ قوم کو 73 ویں یوم آزادی کے پروقار موقع پر مبارکباد دیتا ہوں، آج کا دن ہمیں تحریک آزادی کے شہدا اور بانیان پاکستان کی انتھک جدوجہد اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے ، جنہوں نے آئندہ نسلوں کی آزادی کی خاطر اپنی جانیں قربان کیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے کے لیے تمام اہل وطن کو مل کر مشکل حالات کا مقابلہ کرنا ہوگا جبکہ ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے ایک جمہوری، خوشحال اور پر امن ملک کا خواب دیکھا تھا، جہاں سب کو مساوی حقوق میسر ہوں اور دنیا کے لیے ایک بہترین مثال ہو۔اسد قیصر کا کہنا تھا کہ 14 اگست ہمیں ملک کے قیام اور دفاع کے لیے دی جانے والی بے شمار قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جبکہ تحریک آزادی کے شہدا اور بانیان پاکستان کو خراج عقیدت مستحق ہیں۔ادھر ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ہمیں ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے خلوص نیت اور لگن سے کام کرنے کا پیغام دیتا ہے ، آج کے دن ہمیں اپنے منصوبوں، عمل اور حاصل ہونے والے نتائج پر غور کرنا ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ایک نئے جذبے اور عزم کے ساتھ ملک کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کا عہد کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کبھی بھی کشمیری عوام کی تحریک خود ارادیت کو نہیں دبا سکتا، کشمیری عوام کی حق خود ارادیت کی تحریک جلد کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔انہوں نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب کشمیری بھارتی تسلط سے آزادی حاصل کر لیں گے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں