بھارتی حکومت نے آزاد کشمیر کو اپنا اگلاہدف قرار دے دیا
شیئر کریں
بھارت کے مرکزی وزیربرائے اطلاعات و نشریات اور ماحولیات پرکاش جاوڈیکر نے پاکستان کے خلاف اپنی زبان سے زہر اگلتے ہوئے آزاد کشمیر کو اپنا اگلا ہد ف قرار دے دیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ جموںو کشمیر میں آئین کے آرٹیکل 370 کو منسوخ کیے جانے کے بعد اب حکومت کا ہدف’’ پاکستانی مقبوضہ کشمیر‘‘ ہے اور مرکزی حکومت پاکستانی مقبوضہ کشمیر کے معاملے میں بڑا قدم اٹھا سکتی ہے ۔ مسٹر جاوڈیکر نے کانگریس سے جموں و کشمیر میں آرٹیکل 370 کے خاتمے پر اُٹھنے والی آوازوں پر بھی شدید تنقید کی۔ اُنہوں نے کہا کہ کانگریس بوکھلا گئی ہے اور اس کے لیڈر مختلف راگ الاپ رہے ہیں ۔ کانگریس کے لیڈروں میں آپس میں ہی ایک رائے نہیں ہے اور اس کے لیڈر طرح طرح کے بیان دے رہے ہیں ۔ کانگریسی لیڈر منی شنکر ایر کچھ کہہ رہے ہیں تو دگوجے سنگھ مختلف بول رہے ہیں۔کچھ کانگریسی لیڈروں نے حکومت کے اس قدم کی حمایت بھی کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کانگریس پہلے ہی بے سمت ہے اور اب جموں و کشمیر میں دفعہ 370 کو ختم کئے جانے کے بعد اس پارٹی میں مایوسی کا ماحول ہے اور الگ تھلگ پڑ گئی ہے ۔کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم کے آرٹیکل 370 کے تناظر میں عائد کئے گئے ان الزامات کو مسٹر جاوڈیکر نے مسترد کیا، جس میں کہا گیا کہ جموں وکشمیر کے مسلم اکثریتی ریاست ہونے کے سبب ہی وہاں آرٹیکل 370 کو منسوخ کر دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر چدمبرم غیر معیاری سیاست کر رہے ہیں۔