میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
کراچی تا خیبر آزادی کا جشن، ملک بھر میں ریلیاں، چراغاں، قومی پرچموں کی بہار

کراچی تا خیبر آزادی کا جشن، ملک بھر میں ریلیاں، چراغاں، قومی پرچموں کی بہار

ویب ڈیسک
پیر, ۱۴ اگست ۲۰۱۷

شیئر کریں

اسلام آباد/ کراچی/ لاہور/ پشاور/ کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی تا خیبر آزادی کا جشن، ملک بھر میں ریلیاں، چراغاں، قومی پرچموں کی بہار، فول پروف حفاظتی اقدامات۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے 70 واں یوم آزادی آج جوش وجذبہ سے منایا جائے گا، اس حوالے سے کراچی سے خیبر تک ریلیوں، جلسوں اور تقاریب کا سلسلہ جاری رہے گا ،جبکہ گلی محلوں میں چراغاں اور قومی پرچموں کی بہار دیکھی گئی کراچی، حیدر آباد، میرپور خاص، نوابشاہ، لاڑکانہ، سکھر ودیگر شہروں میں مختلف سیاسی تنظیموں کی جانب سے ریلیوں کا انعقاد کیا گیا ،جبکہ آج دن کا آغاز مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک و قوم کی سلامتی ، خوشحالی اور دہشتگردی کے خاتمے کے لیے دعائوں سے ہوگا ،وفاقی دارالحکومت میں31 اور صوبائی دارالحکومتوںمیں 21،21 توپوں کی سلامی دی جائے گی ۔ملک بھر میں مختلف مقامات پر پرچم کشائی کی تقریبات منعقد کی جائیں گی جس میں اہم حکومتی اور سرکاری شخصیات شرکت کریں گی ۔ ملک بھر میں جشن آزادی کے سلسلہ میں سیمینارز اور دیگر تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جس میں مقررین جدوجہد آزادی کی تحریک میں دی جانے والی قربانیوں پر روشنی ڈالیں گے ۔حکومتی ، سرکاری شخصیات اورپاک افواج کے افسران ،بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ اور شاعر مشرق علامہ اقبال ؒ کے مزار مبارک پر حاضری دیں گے اور پھولوں کی چادریں چڑھانے کے بعد فاتحہ خوانی کریں گے ۔ ملک کے مختلف مقامات پر تحریک آزادی پاکستان کے شہداء کے لیے بھی قرآن خوانی کا اہتمام کیا جائے گا ۔ دوسری جانب گلی محلوں اوربازاروں کو خوبصورت جھنڈیوں اور پرچموں سے سجا دیا گیا ۔ اہم سرکاری و نجی عمارگوں پر قومی پرچم لہرانے کے ساتھ چراغاں بھی کیا گیا ہے ۔ملک بھر میں چھوٹے بڑے بازاروں میں ہر طرف قومی پرچموں کی بہار ہے اور بیجز ، جھنڈیوں اور قومی پرچم کی طرز پر لباس کے اسٹالز پر خریداری عروج پر ہے ۔تاجروں کی مختلف تنظیموں نے پاکستان کا یوم آزادی بھرپور طریقے سے منانے کے لیے تجارتی مراکز میں ملی نغموں اور قومی ترانے کی دھنیں پیش کرنے کے لیے سائونڈ سسٹم بھی لگا دیے ہیں۔جشن آزادی کے موقع پرپاکستان ٹیلی وژن ،ریڈیو پاکستان سمیت نجی ٹی وی چینلز اور ریڈیو چینلز پر خصوصی پروگرام بھی پیش کئے جائیں گے،جبکہ جشن آزادی کے موقع پر دہشتگردی کے ممکنہ خدشات کے پیش نظر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں ۔ذرائع کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ کے احکامات کے بعد تمام صوبوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان نے سیکورٹی کے حوالے سے خصوصی انتظامات کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔اہم شہروں کے داخلی اور خارجی راستوںںپرسیکورٹی کو ہائی الرٹ کر کے چیکنگ کا نظام مزید سخت کردیاگیا ہے۔ ملک بھر کی طرح حیدر آباد، سکھر، لاڑکانہ میر پور خاص، نواب شاہ میں بھی آج14 اگست یوم جشن آزادی انتہائی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جائے گی، سرکاری اور غیرسرکاری سطح ،سیاسی سماجی مذہبی تاجر تنظیموں کی جانب سے تقریبات ،ریلیوں کے انعقاد کے سلسلے میں انتظامات مکمل کر دیے گئے، مختلف تنظیموں کی جانب سے مختلف علاقوں اور مین شاہراہوں پراستقبالیہ کیمپ قائم کر دیے جہاں ملی نغموں اور قومی ترانوں کی دھن کے ذریعے عوام کے جوش وجذبے میں اضافہ اور قومی جذبہ حب الوطنی کو اجاگر کیا جا رہا ہے، استقبالیہ کیمپوں پر ریلیوں کے شرکاء کے لیے ٹھنڈے پانی اور مشروبات کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں