اینٹی کرپشن نے فرح خان کیخلاف مقدمہ درج کر لیا
شیئر کریں
سابق خاتون اول کی دوست فرح خان پر سرکاری زمین مارکیٹ ویلیو سے کم قیمت پر لیز پر لینے کا مقدمہ درج کرلیا گیا،نیب نے بھی فرح خان کو 20 جولائی کو طلب کرلیا ۔محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے فرح خان کے خلاف ڈیری اینڈفوڈکمپنی کے لیے سرکاری زمین کو مارکیٹ ویلیو سے کم قیمت پر لیز پر لینے کا مقدمہ درج کیا ہے۔مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ 2016 میں فرحت شہزادی (فرح خان)اور ان کی والدہ بشری خان نے 26 نومبر 2020 کو سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) میں اپنی کمپنی المعیز ڈیری اینڈ فوڈز پرائیوٹ لمیٹڈ کے نام سے کمپنی رجسٹر کرائی۔30 نومبر 2020 کو المعیز ڈیری اینڈ فوڈز پرائیوٹ لمیٹڈ کی ڈائریکٹر فرحت شہزادی نے فیصل آباد انڈسٹریل زون میں ساڑھے 10 ایکڑ زمین حاصل کرنے کے لئے تحریری درخواست دی۔15 مارچ 2021 کو فرحت شہزادی نے بتائے گئے طریقے کے تحت آن لائن درخواست جمع کرائی تاہم ضروری دستاویزات جمع نہ کرانے کی وجہ سے اسے مسترد کردیا گیا۔5 اکتوبر 2021 کو فرحت شہزادی نے تیسری مرتبہ زمین کے لئے درخواست دی۔ 29 اکروبر کو زمین کی الاٹمنٹ کی منظوری دی گئی جب کہ 6 دسمبر کو الاٹمنٹ لیٹر بھی جاری کردیا گیا۔مقدمے میں کہا گیا ہے کہ فرح خان نے سرکاری افسران کے ساتھ مل کرکم قیمت پر زمین لیز پر لی، حاصل کی گئی زمین کی قیمت مارکیٹ ویلیو کے مطابق 60 کروڑ روپے بنتی تھی لیکن یہ زمین صرف 8 کروڑ روپے میں لیز پر حاصل کی گئی۔علاوہ ازیںنیب نے سابق خاتون اول کی دوست فرح خان کو 20 جولائی کو طلب کرلیا ہے اور اس حوالے سے فرح گوگی کو نوٹس بھی جاری کیا گیا ہے۔نیب کی جانب سے جاری ہونے والا نوٹس فرح خان کی رہائشگاہ 99 وائی بلاک ڈی ایچ اے لاہور میں بھجوایا گیا جو فرح خان کے ملازم نے وصول کیا ہے۔ یہ وہی گھر ہے جس میں سابق وزیراعظم عمران خان اور بشری بی بی کا نکاح ہوا تھا۔نیب نے فرح کو پہلی بار نوٹس بھیجا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ آپ کے پاس تمام معلومات ہیں، آپ تمام دستاویزات کے ساتھ کسی مرد کے ہمراہ 20 جولائی کونیب آفس میں پیش ہوں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فرح کے خلاف کیس میں یہ اہم پیشرفت ہے کیونکہ گزشتہ دو سے 3 ماہ میں تمام متعلقہ اداروں ایس ای سی پی، ایف بی آر اور پنجاب لینڈ اتھارٹی نے تحقیقات کیں، اور فراہم ہونے والی تمام دستاویزات و ریکارڈ کی چھان بین کے بعد ہی یہ نوٹسز جاری کئے گئے ہیں۔اس نوٹس سے کچھ دیر قبل ہی نیب لاہور نے فرح خان کے 8 مبینہ بزنس پارٹنرز کو بھی آج اور کل کے لئے طلبی نوٹس جاری کئے اور مجموعی طور پر 20 افراد کی تحقیقات جاری تھی۔