گریڈ 19سے اوپرکے 29 افسران کی موجیں ختم
شیئر کریں
(رپورٹ: علی کیریو)حکومت سندھ کے گریڈ 19، 20 اور 21 کے 29اعلیٰ افسران سے اضافی چارجز واپس لے لیے گئے ہیں، اعلیٰ افسران اہم عہدوں سے محروم ہوگئے، کئی افسران اپنی ہی محکمے میں پسندیدہ ڈبل چارجز رکھے ہوئے تھے۔ جرأت کو موصول دستاویز کے مطابق محکمہ صحت میںگریڈ 20 کے افسر اسپتال اور ڈسپینسریز مینجمنٹ بورڈ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نور محمد شاہ محکمہ صحت کے اسپیشل سیکریٹری کا اضافی چارج تھا جو ان سے واپس لے لیا گیا ہے۔ گریڈ 20 کے افسر ممبر سندھ ریوینو محمد یاسر جان بلوچ سے پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ (ممبر سروسز) کے عہدے کی چارج واپس لیا گیا ہے، گریڈ 20 کے افسر اور پی اینڈ ڈی میں اربن پالیسی اینڈ اسٹریٹجک پلاننگ کے ڈی جی فیصل احمدعقیلی سے شہید بینظیر بھٹو ہائوسنگ سیل کے چیئرمین کا چارج واپس لے گیا ہے۔ سیکریٹری کوآپریٹو اختر عنایت بھرگڑی ڈائریکٹرجنرل مائنز اینڈ منرلز ڈپارٹمنٹ کے اضافی عہدے سے محروم ہوگئے ہیں ، سیکریٹری وومین ڈیولپمنٹ انجم اقبال جمانی ڈائریکٹر جنرل سندھ کچی آبادی اتھارٹی کے فرائض سرانجام نہیں دے سکیں گی۔ محکمہ تعلیم میں ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن (پرائمری) سے سیکریٹری سندھ ہیومن رائٹس کمیشن کا چارج واپس لے لیا گیا ہے، گریڈ 20 کے افسر ڈائریکٹر جنرل (پی ڈی ایم اے) سید سلمان شاہ سندھ رسیلینس پروجیکٹ کے پی ڈی کے اضافی عہدے سے محروم ہوگئے ہیں، گریڈ 20 کے افسر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ کے اسپیشل سیکریٹری رفیق مصطفی شیخ سے سندھ سسٹین ایبل ڈولپمنٹ گولز کے پروجیکٹ ڈائریکٹر کے عہدے سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ سندھ سولر انرجی پروجیکٹ کے پروجیکٹ کوآرڈینیٹر شاہ زمان کھوڑو سے ڈائریکٹر جنرل گورکھ ہل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا چارج واپس لے لیا گیا ہے۔ محکمہ خزانہ میں تعینات اسد ضامن سے کراچی کو پانی فراہم کرنے کے لئے شروع کئے گئے اہم منصوبے کے فور کے پروجیکٹ ڈائریکٹر کا چارج واپس لیا گیا ہے، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے ایم ڈی زبیر چنا محکمہ ہائوسنگ اینڈ ٹائون پلاننگ کے سالڈ ویسٹ ایمرجنسی اینڈ افیشنسی کے پروجیکٹ ڈائریکٹر کے عہدے سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ محکمہ ثقافت کے ڈی جی عبدالعلیم لاشاری ڈائریکٹر (آرکائیوز) کے اضافی عہدے سے محروم ہوگئے ہیں، محکمہ تعلیم میں ایڈیشنل سیکریٹری کے طور پر تعینات صلاح الدین میمن محکمہ صنعت کے ڈائریکٹر کے عہدے کا اضافی چارج نہیں رکھیں گے،محکمہ صحت کے ایڈیشنل سیکریٹری صفدر حسین رضوی سول اسپتال کراچی کے ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن اینڈ پروکیورمنٹ کے عہدے سے فارغ ہوگئے ہیں۔ محکمہ انسانی حقوق کے ایڈیشنل سیکریٹری اپنے ہی محکمہ میں ڈائریکٹر کا چارج بھی رکھے ہوئے تھے اور وہ بھی عہدے سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ اس کے علاوہ صفدر علی بگھیو،محمد صالق نقرچ، نجیب الدین سہتو، غلام مصطفی سہاگ، تحسین فاطمہ، عظمیٰ اسماعیل، مشتاق احمد سومرو، دادلو زہرانی، شاکر قیوم خانزادہ، مقصود احمد کلہوڑو، معین الدین صدیقی ، فرحان قاضی اور شفیق احمد شیخ سے اضافی چارجز واپس لئے گئے ہیں۔