آسان کاروبارایکٹ ،وزیراعظم نے قانون سازی شروع کرنے کی منظوری دے دی
شیئر کریں
وزیر اعظم شہباز شریف نے آسان کاروبار ایکٹ کے حوالے سے قانون سازی شروع کرنے کی منظوری دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں کاروبار اور سرمایہ کار دوست ماحول کی ترویج حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔وزیر اعظم آفس کے میڈیا سیل سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کاروبار اور سرمایہ کاری کرنے میں آسانی کے حوالے سے اقدامات پر اہم جائزہ اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوا۔وزیر اعظم نے آسان کاروبار ایکٹ کے حوالے سے قانون سازی شروع کرنے کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کار دوست ماحول کی ترویج حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ ون ونڈو آپریشنز کے تحت کاروباری اور تاجر برادری کے لیے دستاویزی مراحل آسان کیے جائیں۔شہباز شریف نے مزید ہدایت کی کہ چین کے شہر شینزین کے ون اسٹاپ شاپ کی طرز پر ایک تجرباتی (پائلٹ) سہولت مرکز کے قیام کے حوالے سے چینی ماہرین سے معاونت حاصل کی جائے ۔اجلاس کو آسان کاروبار اور دیگر اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ کاروبار کی رجسٹریشن، لائسنسز سرٹیفکیٹس اور دیگر دستاویزات کے لیے الیکٹرانک رجسٹری کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ آن لائن ون ونڈو پاکستان بزنس پورٹل کا نظام متعارف کروایا جائے گا جس کے ذریعے تمام متعلقہ اداروں کی خدمات حاصل کی جا سکیں گی۔شرکا کو آگاہ کیا گیا کہ اسلام آباد بزنس فیسیلیٹیشن مرکز کے قیام کے لیے حکمت عملی ترتیب دی جا رہی ہے ۔