میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
سمندری طوفان کیٹی بندرسمیت نواحی جزائر پر درجنوں دیہات خالی کرا لیے گئے

سمندری طوفان کیٹی بندرسمیت نواحی جزائر پر درجنوں دیہات خالی کرا لیے گئے

ویب ڈیسک
بدھ, ۱۴ جون ۲۰۲۳

شیئر کریں

حیدرآباد(رپورٹ :شاہنواز خاصخیلی)سمندری طوفان بائپر جوائے، کیٹی بندر شہر سمیت نواحی جزائر پر واقع ایک درجن سے زائد دیہات خالی کرا دیے گئے، کیٹی بندر شہر کو دیے گئے رنگ بند میں دراڑیں، شہر ڈوبنے کا خدشہ، کھارو چھان میں میرین اسپیشل سروس گروپ اور پاک فوج کی ریسکیو ٹیمیں پہنچ گئیں، لوگوں کو ریسکیو کرنے کا سلسلہ جاری، کیٹی بندر، گوٹھ حسن جت، محمد دبلو، علی حسن دبلو، حاجی شیدی دبلو، گل چھولانی سمیت دیگر علاقوں سے8ہزار کے قریب افراد کو منتقل کردیا گیا، بھگان میں ریلیف کیمپ قائم، تفصیلات کے مطابق سمندری طوفان بائپر جوائے کے باعث ٹھٹھہ ضلع کے ساحلی پٹی کے آخری شہر کیٹی بندر سمیت نواحی جزائر پر موجود ایک درجن سے زائد گاؤں خالی کرا دیے گئے ہیں، جبکہ مختیارکار مقصود احمد جوکھیو کی سربراہی میں ریسکیو آپریشن گزشتہ دو دن سے سے جاری ہے، کیٹی بندر میں سیکورٹی فورسز کی بھاری تعداد نے پہنچ کر شہر میں موجود افراد کے انخلا کو یقینی بنایا۔ دوسری جانب کیٹی بندر شہر کو دیے گئے 4کلومیٹر طویل رنگ بند کو پانی کا بھاؤ بڑھنے سے دراڑیں پڑ گئیں جس کے باعث شہر ڈوبنے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے، مقامی رہائشیوں کے مطابق رنگ بند کی اونچائی15فٹ ہے،جبکہ پانی8سے10فٹ تک رنگ بند تک پہنچ چکا ہے۔ مختیارکار مقصود احمد جوکھیو کے مطابق کیٹی بندر شہر کی آبادی پانچ ہزار کے لگ بھگ ہے جس میں سے90فیصد آبادی کا انخلا کردیا گیا ہے، جبکہ نقل مکانی کرنے والے اکثر افراد ریلیف کیمپوں کے بجائے کراچی سمیت دیگر علاقوں میں اپنے عزیز و اقارب کے پاس چلے گئے ہیں، مقصود احمد جوکھیو نے روزنامہ جرأت کو بتایا کہ کیٹی بندر میں52تپے ہیں، جو طوفان کی زد میں آ سکتے ہیں، کیٹی بندر تحصیل کی جزائر بوری کریک، حجامڑو کریک،ترشان کریک چھان کریک،خوبرو کریک سمیت دیگر جزائر پر موجود گاؤں علی محمد شاہ، گوٹھ حسن جت، گوٹھ ابو جت، گوٹھ محمد دبلو، گوٹھ علی حسن دبلو، گوٹھ حاجی شیدی دبلو، گوٹھ گلی چھولانی، گوٹھ گل حسن جادانی گوٹھ محمد حسین دبلو، حمزو دبلو،صدیق دبلو، سلیم دبلو،ابراہیم دبلو سمیت دیگر دیہات کو بھی خالی کرا دیا گیا ہے، مختیارکار کے مطابق تحصیل کیٹی بندر کی مجموعی آبادی 10ہزار کے لگ بھگ ہے جس میں سے 90فیصد منتقل کردی گئی ہے، جبکہ بچے کھچے افراد کو رات دیر تک منتقل کردیا جائے گا۔ دوسری جانب یو سی کھارو چھان میں بعض لوگوں نے نقل مکانی کرنے سے انکار کردیا جس کے بعد ایس ایس پی سمیت اعلیٰ افسران پہنچ گئے، میرین اسپیشل سروسز گروپ اور پاک فوج کی ریسکیو ٹیموں نے کھارو چھان پہنچ کر لوگوں کو منتقل کرنے کا عمل یقینی بنایا، نقل مکانی کرنے والے افراد کیلئے یو سی بھگان میں ٹی سی ایف کے اسکولوں میں ریلیف کیمپ قائم کردیے گئے ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں