میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
قوم کی بیٹی

قوم کی بیٹی

ویب ڈیسک
منگل, ۱۴ جون ۲۰۲۲

شیئر کریں

 

قوم کی بیٹی عافیہ صدیقی کا جرم کیا تھا؟ انہیں کس جرم کی سزا دی جارہی ہے؟ اور 50سے زائد مسلم حکمرانوں نے ان کی رہائی کے لیے کیا کیاہے؟ یہ ایسے سوال ہیں جن کا کوئی جواب نہیں یا کوئی جواب دینا ہی نہیں اہتا اس صورت ِ حال کو اجتماعی بے حسی سے بھی تعبیر کیا جاسکتاہے ماضی میں سابقہ وزیر ِ اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ عافیہ صدیقی کے بدلے جاسوس شکیل آفریدی کوامریکا کے حوالے کیا جاسکتاہے پھرانہوں نے بھی کچھ نہیں کیا جنت مکانی علامہ خادم حسین رضوی نے ان کی رہائی کے لیے موثرٔ آواز اٹھائی تھی ان کا کہناہے کہ جیل میں امریکی انہیں روزانہ طعنے دیتے ہیں کہ تمہیں رہائی دلانے محمدؒبن قاسم ابھی تک کیوں نہیں آیا۔ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کون ہے اور امریکا نے اسے 86سال قید کی سزا کیوں سنائی ہے یہ سب کچھ جاننے کے لیے ہمیں ماضی کو کھنگالناہوگا ڈاکٹر عافیہ صد یقی پاکستان سے تعلق رکھنے والی معروف سائنس دان ہیں جسے امریکی حکومت نے 2003ء میں اغوا کر کے غیر قانونی طور پر قید کیا ہوا ہے۔ڈاکٹر عافیہ صدیقی 2 مارچ، 1972ء کو کراچی میں پیدا ہوئی۔ 8 سال کی عمر تک زیمبیا میں تعلیم حاصل کرنے کے بعد کراچی میں ابتدائی اور ثانوی تعلیم مکمل کی۔ اس کے بعد بوسٹن ٹیکساس میں جامعہ ٹیکساس میں کچھ عرصہ رہیں پھر وہاں سے میساچوسٹس ادارہ ٹیکنالوجی (MIT) چلی آئیں اور اس ادارہ سے وراثیات میں علمائی (.Ph.D) کی سند حاصل کی۔ 2002ء میں پاکستان واپس آئیں مگر ملازمت نہ ملنے کی وجہ سے ملازمت کی تلاش میں امریکا چلی گئیں اس دوران انہوں نے میریلینڈ میں ڈاک وصول کرنے کے لیے پوسٹ بکس نمبر کرائے پر لیا ایک سال بعد وہ کراچی واپس آ گئیں۔ FBI نے شک ظاہر کیا کہ یہ پوسٹ بکس نمبر دراصل القاعدہ سے تعلق رکھنے والے کسی شخص کے لیے کرائے پر لیا گیا تھا جس پر امریکی میڈیامیں عافیہ صدیقی کی بطور دہشت گرد تشہیر کی گئی۔ یہ دیکھ کر عافیہ ڈرکے مارے کراچی میں روپوش ہو گئی۔ وہ 30 مارچ، 2003ء کو اپنے تین بچوں سمیت راولپنڈی جانے کے لیے ٹیکسی میں ائرپورٹ کی طرف روانہ ہوئی مگر راستے سے غائب ہو گیں بعدمیں خبریں آئیں کہ ان کو امریکن نے اغوا کر لیا ہے۔ اس وقت ان کی عمر 30 سال تھی اور بڑے بچہ کی عمر چار سال اور سب سے چھوٹے کی ایک ماہ تھی۔ مقامی اخباروں میں عافیہ کی گرفتاری کی خبر شائع ہوئی مگر بعد میں وزیروں نے لاعلمی کا اظہار کیا اور ان کی والدہ کو دھمکیاں دی گئیں۔
عالمی اداروں نے خیال ظاہر کیا کہ افغانستان میں امریکی جیل بگرام میں قیدی نمبر 650 شاید عافیہ صدیقی ہی ہے جو وہاں بے حد بری حالت میں قید تھی۔ پاکستانی اخبارات میں شور مچنے کے بعد امریکیوں نے اچانک اعلان کیا کہ عافیہ کو 27 جولائی، 2008ء کو افغانستان سے گرفتار کر کے نیویارک پہنچا دیا گیا ہے تاکہ ان پر دہشت گردی کے حوالہ سے مقدمہ چلایا جا سکے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں نے امریکی کہانی کو ناقابلِ یقین قرار دیدیا۔ افغانستان میں امریکی فوجیوں نے دوران گرفتاری عافیہ کو گولیوں کا نشانہ بنا کر شدید زخمی کر دیا، تب امریکی فوجی معالجین نے عافیہ کی طبی حالت کو گلاسگو غشی میزان پر 3 (یعنی مرنے کے قریب) بتایا۔ تاہم امریکیوں نے الزام لگایا کہ عافیہ نے امریکی فوجی کی بندوق اٹھانے کی کوشش کی تھی جس پر انھوں نے اس پر گولیاں چلا دیں۔ اس اثناء میں اسلام آباد کی ایک عدالت میں ان کے لواحقین نے ایک درخواست میں الزام لگایا کہ پرویز مشرف دور میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو ڈالروں کے عوض امریکیوں کے ہاتھ فروخت کیا گیا اگست 2009ء میں اس وقت کے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے بتایا کہ حکومت 2 ملین ڈالر تین امریکی وکیلوں کو دے گی جو عافیہ صدیقی کے لیے "امریکی عدالت” میں پیشی کرینگے۔
خیال رہے کہ لاہور کی عدالت اعلیٰ نے حکومت کو یہ رقم جاری کرنے سے منع کیا تھا کیونکہ خدشہ تھا کہ رقم خْرد برد کر لی جائے گی۔ عدالت میں درخواست گزار نے کہا تھا کہ امریکی عدالت سے انصاف کی توقع نہیں، اس لیے یہ پیسے عالمی عدالت انصاف میں مقدمہ دائر کر کے خرچ کیے جائیں دسمبر 2009ء میں بالآخر کراچی پولیس نے عافیہ صدیقی اور ان کے بچوں کے 2003ء میں اغوا کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کر لیا۔ ستمبر 2010ء میں پاکستانی حکومت نے دعوی کیا کہ اس نے امریکی حکام سے عافیہ صدیقی کو باعزت وطن واپس بھیجنے کا مطالبہ بذریعہ خط کیا ہے۔ 23 ستمبر، 2010ء میں نیویارک امریکی عدالت نے عافیہ صدیقی کو 86 سال قید کی سزا سنائی۔ جون 2013ء میں امریکی فوجی زنداں فورٹ ورتھ میں عافیہ پر حملہ کیا گیا جس سے وہ دو دن بیہوش رہی۔ بالاخر وکیل کی مداخلت پر اسے طبی امداد دی گئی۔ عافیہ صدیقی نے دو شادیاں کیں1995ء میں پاکستان نژادامجد محمد خان سے نکاح ہوا۔ 1996ء میں ایک لڑکا محمد احمد اور 1998ء میں ایک لڑکی مریم پیدا ہوئی۔ 2002ء میں امجد خان نے انہیں طلاق دے دی۔ پھر 2003ء میں عمار بلوچی سے نکاح ہوا۔ اپریل 2010ء میں گیارہ سالہ لڑکی جس کے بارے میں خیال ہے کہ وہ عافیہ کے ساتھ لاپتہ ہونے والی ایک بیٹی ہے کو نامعلوم افراد کراچی میں عافیہ کی بہن فوزیہ صدیقی کے گھر چھوڑ گئے۔ حالات وواقعات کے تناظر میں یہی کہا جاسکتاہے کہ برس ہابرس سے امریکی قید میں صعوبتیں برداشت کرنے والی عافیہ صدیقی کا واحد جرم ان کا مسلمان ہوناہے وہ ایک بے حس مسلم معاشرے کی فردہیں جہاں کے لوگوںکی ڈراموں اور فلمیں میں ظلم دیکھ کر آنکھیں بھر آتی ہیں لیکن حقیقی مظلوم کرداروںپر ذرا ترس نہیں آتا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں