بھارتی فوج کی مجاہدین سے جھڑپ 4نوجوان شہید
شیئر کریں
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی جارحیت کا سلسلہ نہ رک سکا ، 3مختلف آپریشنز میں 4نوجوانوں کو شہید کر دیا، مقبوضہ کشمیر میں مختلف علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران یکم جون سے 27نوجوان شہید ہو چکے ہیں، ایک درجن سے زائد مکانات تباہ ہوگئے ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق مقبوضہ جموں وکشمیر کے ضلع کولگام کے نپورہ علاقہ میں سیکیورٹی فورسز اور مجاہدین کے مابین جھڑپ میں دومجاہدشہید ہو گئے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ضلع کولگام کے دیوسر گنورہ علاقہ کو سکیورٹی فورسز جموں و کشمیر پولیس کی مشترکہ ٹیم ، فوج کے 19 راشٹریہ رائفلز اور سنٹرل ریزرو پولیس نے جمعہ کی رات اس وقت محاصرہ میں لے لیا جب انہیں وہاں پر عسکریت پسندوں کے موجود ہونے کی مصدقہ اطلاع ملی۔ سکیورٹی فورسز نے علاقہ میں تلاشی شروع کی جس کے بعد دونوں جانب سے گولیوں کا تبادلہ شروع ہو ا۔ اننت ناگ کے للہن علاقے میں ہفتے کو مشترکہ آپریشن بھی شروع کیا گیا جس میں 2 نوجوان شہید ہو گئے۔ایک اور آپریشن میں جنوبی کشمیر کے سب ڈسٹرکٹ ترال کے گلاب باغ گاوں کو فوج، سی آر پی ایف اور ایس او جی ترال نے مشترکہ طور پر محاصرہ میں لیا جس میں بھی سکیورٹی فورسز نے دو نوجوانوں کو شہید کر دیا ۔بھارتی فورسز کے دعویٰ کے مطابق کئی مجاہدین وہاں سے بچ نکلنے ہونے میں کامیاب ہو گئے جس کے بعد سیکورٹی فورسز نے عسکریت پسندوں کو پکڑنے کے لئے مزید مختلف قریبی گاؤں کو محاصرہ میں لے لیا۔