کراچی میں آکسیجن سلنڈرز نایاب قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیں
شیئر کریں
شہر قائد میں آکسیجن سلنڈرز کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیں جس کے باعث مریضوں کی پریشانیوں میں مزید اضافہ ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں کرونا کیس بڑھتے ہی آکسیجن سلنڈرز نایاب ہوگئے، 5 ہزار روپے والے آکسیجن سلنڈر کی قیمت 30 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔متاثرین کا کہنا ہے کہ خالی سلنڈر بھرنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں، ہر وقت آکسیجن دستیاب نہیں ہوتی، آکسیجن کی 24 گھنٹے فراہمی یقینی بنائی جائے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز کی جانب سے گھر میں آکسیجن سلنڈر کے مشورے کے بعد طلب میں بے تحاشہ اضافہ ہوا جبکہ آکسیجن سپلائی کرنے والی بڑی کمپنیوں نے پیداوار بڑھانے کے بجائے اپنے پلانٹ ہی بند کردئیے ہیں۔آکسیجن سپلائرز کا کہنا ہے کہ ملک میں کرونا کے باعث سلنڈرز کی درآمد نہیں ہورہی ہے اس لیے پہلے اپنے رجسٹرڈ مریضوں کو آکسیجن کی سپلائی ممکن بنارہے ہیں، دوسرے مرحلے میں دیگر مریضوں کو آکسیجن فراہم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔دوسری جانب دکانداروں کا موقف ہے کہ پولیس آکر پریشان کرتی ہے اور دکانیں بند کراتی ہے، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی معاملے پر توجہ دیں تاکہ مریضوں کو آکسیجن بروقت مل سکے۔