ایل این جی اسکینڈل، انکوائری باقا عدہ تحقیقات میں تبدیل
شیئر کریں
قومی احتساب بیورو(نیب) نے ایل این جی اسکینڈل کی انکوائری کو باقا عدہ تحقیقات میں بدلنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ نیب راولپنڈی نے ایل این جی اسکینڈل کی انکوائری کو باقا عدہ تحقیقات میں تبدیل کرنے کے لیے نیب ہیڈکوارٹرز کو لکھ دیا ہے ۔ نیب راولپنڈی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ شواہد مل گئے ہیں اور مزید تحقیقات کرنی ہیں۔ نیب کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں انکوئری کی انویسٹی گیشن میں منتقلی کا فیصلہ کیا جائے گا۔ نجی ٹی وی ذرائع کے مطابق انکوائری سے انوسٹی گیشن میں منتقلی سے نیب کو ملزمان کی گرفتاری کے اختیارات مل جائیں گے ۔ نیب پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سمیت دیگر افراد کے خلاف ایل این جی اسکینڈل کی انکوائری کر رہا ہے ۔ ایل این جی ٹرمینلز کے ٹھیکے دینے میں قواعد کی خلاف ورزی کرنے کا الزام ہے جس سے قومی خزانہ کو مبینہ طور پر نقصان پہنچایا گیا تھا۔اس کیس میں پہلے ہی شاہد خاقان عباسی تین مرتبہ پیش ہو کر کیس میں اپنا بیان ریکارڈ کرواچکے ہیں۔ نیب کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ٹھوس شواہد مل چکے ہیں اور اب اس انکوائری کو باقا عدہ تحقیقات میںتبدیل کرنے کی منظور ی چیئرمین نیب سے لی جانی ہے اور اس حوالہ سے رپورٹ نیب ہیڈکوارٹرز کو ارسال کر دی گئی ہے اور استدعا کی گئی ہے ایل این جی کیس کو باقا عدہ تحقیقات میں تبدیل کرنے کی منظوری دی جائے تاکہ اس کیس میں ہونے والی اہم گرفتاریوں کے حوالے سے اختیارات مل جائیں۔نیب کا ایگزیکٹو بو رڈ کیس کی انکوائری کو تفتیش میں تبدیل کرنے کی منظوری دے گا جس کے بعد نیب راولپنڈی کو ایل این جی کیس میں اہم گرفتاریوں کے اختیارات مل جائیں گے ۔