
سندھ بلڈنگ ، غیر قانونی تعمیرات پر ڈی جی کی چشم پوشی جاری
شیئر کریں
بلاک 13D 3پلاٹ نمبر B3/4 NKریزیڈنسی پر کمزور بنیادوں پر بالائی منزلیں
بلڈنگ افسران کی ملی بھگت، عابد شاہ نے انہدام سے محفوظ رکھنے کی ضمانت دے دی
کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں جاری خلاف ضابطہ تعمیرات ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی محمد اسحاق کھوڑو کی زیرو ٹالرنس پالیسی پر سوالیہ نشان ہے۔ بلڈنگ افسران خطیر رقوم بٹورنے کے بعد رہائشی پلاٹوں پر کمرشل پورشن یونٹ اور دکانوں کی تعمیر کی چھوٹ دے رہے ہیں ۔جرأت سروے کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ کچھ پلاٹوں پر ایک منزل کی تعمیر کا اجازت نامہ ہے اور بلڈنگ افسران کی ملی بھگت سے بالائی منزلوں کی تعمیرات بلا روک ٹوک تکمیل کے مراحل میں داخل ہوچکی ہیںجس کے باعث کراچی کا بنیادی ڈھانچہ مکمل طور پر تبدیل ہوتا دکھائی دے رہا ہے اور بنیادی مسائل سر اٹھانے لگے ہیں ۔شہر بھر میں جاری غیر قانونی تعمیرات پر ڈائریکٹر جنرل اسحاق نے دانستہ چشم پوشی اختیار کر رکھی ہے۔ گلشن اقبال کے بلاک 13D 3 میں پلاٹ نمبر B3/4 پر NK ریزیڈنسی نامی پراجیکٹ کی کمزور بنیادوں کی پرانی عمارت پر بالائی کمرشل پورشن یونٹ کی تعمیرات بلڈنگ انسپکٹر عابد شاہ کے حفاظتی پیکیج میں جاری ہیں۔جاری تعمیرات میں ہنگامی اخراج اور فائر فائٹنگ سسٹم کی بھی سنگین خلاف ورزیاں شامل ہیں جو انسانی جانوں کیلئے انتہائی تشویشناک ہیں ۔ خلاف ضابطہ تعمیرات پر ڈی جی اسحاق کھوڑو سے موقف لینے کے لئے رابطے کی کوشش کی گئی مگر رابطہ نہ ہو سکا۔