این آئی سی ایل، مرمتی امور کی آڑ میں ایک کروڑ 84 لاکھ کا ٹیکا
شیئر کریں
(رپورٹ: مسرور کھوڑو) نیشنل انشورنس کمپنی لمیٹڈ میں مرمتی کام کی مد میں ایک کروڑ 84 لاکھ 54 ہزار روپے کی بے ضابطگیاں سامنے آگئیں ، سی ای او خالد حمید نے ویلڈ فیبرک ، اسپورٹس ہال، جنرل روم ، جم ایریا ، گاڑیوں کی پارکنگ سمیت مختلف کاموں میں قواعد و ضوابط کے برخلاف خطیر رقم خرچ کردی، ادارے میں قومی خزانے کے نقصان پر متعلقہ حکام نے خاموشی اختیار کرلی، ذرائع کے مطابق نیشنل انشورنس کمپنی لمیٹڈ میں چیف ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی جانب سے مختلف کمپنیز کے ٹھیکیداروں سے پیپرا قواعد و ضوابط کے برخلاف مرمتی کام کروایا گیا، جس میں اسکائی لائین اور اے بی سروس نامی کمپنیاں شامل ہیں، عمارت کے سیکنڈ فلور پر22 لاکھ 74 ہزار روپے کا ویلڈ فیبرک سمیت دیگر مرمتی کام، فورتھ فلور پر واشروم کے مرمتی کام میں ایک لاکھ 46 ہزار روپے، ڈائننگ ہال کی رپیئرنگ اور سی ای او روم کی پالش پر 2 لاکھ 57 ہزار روپے،جنرل روم پر 65 ہزار، اسپورٹس ہال اور جم ایریا پر ایک لاکھ 68 ہزار روپے، 12 فلور پر 83 ہزار 6 سو کا کیمیکل پالش، گاڑیوں کی پارکنگ کے مرمتی کام میں 2 لاکھ 62 ہزار روپے، فلاور ایریا،واک وے اور سیوریج وال پر 49ہزار 5 سو، کورنگی میں 10 ایکڑ گراؤنڈ وال اور مین گیٹ کی پینٹنگ پر 3 لاکھ 5 ہزار،عمارت کے 14 فلور پر مرمتی کام کی مد میں 4 لاکھ 75 ہزار روپے سمیت دیگر مرمتی کاموں پر لاکھوں روپے خرچ کیے گئے ہیں، جو کہ پیپرا ویب سائٹس اور اخبارات میں بغیر اشتہار سے کروائے گئے ہیں، اس ضمن میں موقف لینے کے لیے سی ای او خالد حمید اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر طارق عزیز سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی لیکن جواب موصول نہیں ہوا۔